شارجہ، 16 اکتوبر، 2025 (وام)--اہلیہ حکمران شارجہ اور چیئرپرسن شارجہ فیملی اینڈ کمیونٹی کونسل عزت مآب شیخہ جواہر بنت محمد القاسمی نے الف گروپ کے فلیگ شپ منصوبے اور شارجہ کی پہلی مکمل واک ایبل (پیدل چلنے کے لیے موزوں) کمیونٹی الممشٰی کا دورہ کیا۔
اس دورے نے شارجہ کی شہری ترقی، جدت، اعلیٰ معیارِ زندگی اور پائیدار ڈیزائن کے وژن کو اجاگر کیا۔ شیخہ جواہر القاسمی نے کمیونٹی میں موجود منفرد فنِ تعمیر، قدرتی سایہ دار راستے، اور ہوا کے بہاؤ کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ڈیزائن خصوصیات کا جائزہ لیا، جن کا مقصد مکینوں اور زائرین کے لیے ایک زیادہ خوشگوار اور ٹھنڈا ماحول فراہم کرنا ہے۔
دورے کے دوران انہوں نے کمیونٹی کے مختلف اہم مقامات کا معائنہ کیا، جن میں الف سیلز سینٹر، خالد بن سلطان القاسمی ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن (KSQF)، ٹوگا، شارجہ بزنس ویمن کونسل، ہونورے کیفے، الو بیروت، کیفے عربیکا، جِنز، اور اثر کیفے شامل تھے۔
الف گروپ کی قیادت نے شیخہ جواہر کو منصوبے کی حالیہ پیش رفت پر بریفنگ دی، جن میں جاری تعمیری سرگرمیاں، مستقبل کے منصوبوں کی حوالگی، اور نئے ریٹیل اور فوڈ اینڈ بیوریج برانڈز کی شمولیت شامل ہیں، جو الممشٰی کی رہائشی کشش کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ سال 2025 کے دوران الممشٰی میں 2,000 سے زائد رہائشی افراد نے قیام کیا، جبکہ اسے 1.24 ملین سے زائد زائرین نے بھی وزٹ کیا، جو شارجہ کے اندر اس کی منفرد حیثیت کو مستحکم کرتا ہے۔
الف گروپ کے بورڈ ممبر عبداللہ الحریمل نے کہا کہ الشیخہ جواہر القاسمی کی آمد ہمارے لیے اعزاز ہے اور یہ شارجہ کی مستقبل شناس قیادت کا مظہر ہے، جو جدید، شمولیتی اور پائیدار کمیونٹیز کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔ اُن کے مطابق، الممشٰی صرف ایک رئیل اسٹیٹ منصوبہ نہیں، بلکہ شارجہ کے ترقی پسند ویژن کا عملی اظہار ہے۔
الف گروپ کے سی ای او رائد کجور النعیمی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخہ جواہر کا دورہ شارجہ کے پائیدار اور انسان مرکوز شہری ترقی کے وژن کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الممشٰی اس بات کا ثبوت ہے کہ کس طرح سوچ سمجھ کر تیار کیا گیا رئیل اسٹیٹ منصوبہ ماحول دوست اصولوں کے ساتھ ایک متحرک کمیونٹی کی تشکیل کر سکتا ہے۔
الممشٰی کو شارجہ کا نیا ممتاز شہری مرکز قرار دیا جا رہا ہے، جہاں رہائش، خریداری، تفریح، اور ٹیکنالوجی کو ایک جدید اور مربوط ماحول میں یکجا کیا گیا ہے۔ منصوبے میں پیدل چلنے والوں کے لیے کشادہ راستے اور سائیکلنگ ٹریکس بنائے گئے ہیں، جو پوری کمیونٹی کو آپس میں جوڑتے ہیں۔ یہاں رہائشی یونٹس، ریٹیل اسٹورز اور ہاسپیٹیلٹی سہولیات کا حسین امتزاج موجود ہے، جو خاندانوں، انفرادی افراد اور بچوں کے لیے متحرک اور سٹریٹیجک طرزِ زندگی فراہم کرتا ہے۔
الف گروپ کی جانب سے جدید طرز تعمیر اور شہری منصوبہ بندی میں جدت کے عزم نے الممشٰی کو شارجہ میں ایک علامتی اور مستقبل شناس کمیونٹی کے طور پر مستحکم کر دیا ہے۔