ابوظہبی، 23 اکتوبر، 2025 (وام)--کائٹ ورلڈ کپ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ابوظہبی پہلی بار کائٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، جو فہد آئی لینڈ واٹر اسپورٹس فیسٹیول کا حصہ ہوگا۔ یہ عالمی ایونٹ 25 اکتوبر سے 2 نومبر 2025 تک منعقد ہوگا، جس میں 150 سے زائد بین الاقوامی کھلاڑی مختلف واٹر اسپورٹس میں حصہ لیں گے۔ یہ ایونٹ ابوظہبی کی عالمی سطح پر کھیلوں کے مرکز کے طور پر بڑھتی ہوئی شہرت کو مزید مستحکم کرے گا۔
ایونٹ کے انتظامات کا اعلان فہد آئی لینڈ پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس میں صدر یو اے ای سیلنگ اینڈ روئنگ فیڈریشن شیخ احمد بن حمدان بن محمد النہیان کھلاڑیوں اور شراکت دار اداروں نے شرکت کی۔
یہ فیسٹیول الدار، ابوظہبی اسپورٹس کونسل، اور اے ڈی پورٹس گروپ کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں مختلف اقسام کے واٹر اسپورٹس مقابلے شامل ہیں، جن میں کائٹ سرفنگ، ونگ فوائلنگ، ای-فوائلنگ، ہائیڈرو فوائلنگ، ویک فوائلنگ، اور فری اسٹائل سررفنگ شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ میں کئی معروف بین الاقوامی کھلاڑی حصہ لیں گے، جن میں فرانس کی کائلی بیلووور، اسپین کے بورخا ویلّون، امریکا کے جسٹن چیٹ، اماراتی کائٹ سرفر محمد المنصوری، اور ابوظہبی میں مقیم فرائیڈرک شیزنی شامل ہیں۔
اس موقع پر شیخ احمد بن حمدان بن محمد النہیان نے کہا کہ ابوظہبی کے لیے اس عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ ایونٹ امارت کو واٹر اسپورٹس اور سیاحت کے ایک متحرک عالمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرے گا۔
اماراتی کھلاڑی محمد المنصوری نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم نے عالمی سطح پر یو اے ای کی نمائندگی کے لیے وسیع تربیتی تیاری مکمل کر لی ہے اور امید ہے کہ وہ شاندار کارکردگی دکھا کر ملک کا نام روشن کریں گے۔