متحدہ عرب امارات کے صدر کے سامنے تین نئے وزراء نے عہدے کا حلف اٹھایا

ابوظہبی، 27 اکتوبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے سامنے تین نئے وزراء نے اپنے آئینی عہدوں کا حلف اٹھایا۔ یہ تقریب قصر الوطن ابوظہبی میں منعقد ہوئی، جس میں نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم اور نائب صدر، نائب وزیر اعظم و صدارتی عدالت کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان بھی موجود تھے۔

جن وزراء نے حلف اٹھایا ان میں وزیرِ صحت و تحفظ احمد بن علی السایغ ، وزیرِ مملکت لانا زکی نسیبہ اور عزت مآب وزیرِ مملکت سعید بن مبارک الحجری شامل ہیں۔

صدرِ امارات شیخ محمد بن زاید النہیان نے نئے وزراء کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی قومی ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کریں گے، قوم کی خدمت کریں گے، اور متحدہ عرب امارات کی جامع و پائیدار ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے، تاکہ عوامی خوشحالی اور فلاح کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

اس موقع پر عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ،’’متحدہ عرب امارات اپنے انسانی سرمائے میں کی گئی طویل المدتی سرمایہ کاری کے ثمرات حاصل کر رہا ہے، اور اماراتی صلاحیتوں نے ہر میدان میں ثابت کیا ہے کہ وہ وفاقی حکومت کے کام کو آگے بڑھانے اور قومی وژن، حکمتِ عملی اور ترجیحات کے حصول میں قائدانہ کردار ادا کر سکتی ہیں۔‘‘

حلف برداری کی اس تقریب میں دبئی کے ولی عہد، نائب وزیر اعظم و وزیرِ دفاع عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم، دبئی کے پہلے نائب حکمران و وزیرِ خزانہ عزت مآب شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ داخلہ عزت مآب لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان، صدارتی دیوان برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، صدر کے مشیر عزت مآب شیخ محمد بن حمد بن تحنون النہیان، کابینہ امور کے وزیر محمد بن عبداللہ القرقاوی، نیز دیگر شیخ، وزراء اور اعلیٰ حکام شریک تھے۔