شیخ محمد بن راشد کی دبئی میں یومِ پرچم کی تقریب میں شرکت

دبئی، 3 نومبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر میں منعقدہ یومِ پرچم کی مرکزی تقریب میں شرکت کی۔ یہ تقریب برینڈ دبئی, جو دبئی میڈیا آفس کا تخلیقی شعبہ ہے کی جانب سے دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے تعاون سے منعقد کی گئی۔

تقریب کے دوران شیخ محمد بن راشد نے دبئی بھر کے 150 طلبہ کے ہمراہ ’گیٹ بلڈنگ‘ کے سامنے قومی پرچم بلند کیا۔ عمارت پر 15 منزلہ آرٹ ورک آویزاں تھا جو مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان اور مرحوم شیخ راشد بن سعید المکتوم کے تاریخی ملاقات کے منظر کو خراجِ عقیدت پیش کررہا تھا۔ یہ ملاقات شیخ زاید کے فارم، الخوانیج دبئی میں ہوئی تھی۔ یہ آرٹ ورک ‘ZayedAndRashid#’ مہم کا مرکزی حصہ ہے جو برینڈ دبئی کی جانب سے مسلسل دوسرے سال منظم کی گئی۔

اس موقع پر شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ یو اے ای کا پرچم فخر، وقار اور ترقی کی علامت ہے، جو ملک کی قیادت میں صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور سپریم کونسل کے اراکین و امارات کے حکمرانوں کی سرپرستی میں جاری ترقیاتی سفر کی عکاسی کرتا ہے، جو بانیانِ اتحاد کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان اور مرحوم شیخ راشد بن سعید المکتوم کی قومی خدمات اور وژنری قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں کی قائم کردہ اقدار ہی اتحاد کی بنیاد بنیں اور انہوں نے ایک ایسا ترقیاتی و انسانی ماڈل تشکیل دیا جسے دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔

شیخ محمد نے زور دیا کہ قومی ترقی ہر فرد کی ذمہ داری ہے، اور ملک سے وابستگی کا اظہار عمل، کردار اور کارکردگی کے ذریعے ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں قوم کی تعمیر کا سفر مزید مضبوط، مستحکم اور خوشحال انداز میں جاری ہے، اور اماراتی پرچم آج بھی وقار، اتحاد اور پیشرفت کی علامت کے طور پر بلند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای کا پرچم قومی اتحاد، خودمختاری اور شناخت کی نمائندگی کرتا ہے، جو شہریوں کو معیشت، تعلیم، خلائی سائنس اور اختراع جیسے تمام شعبوں میں کامیابی کے لیے حوصلہ دیتا ہے، اور بانیانِ اتحاد شیخ زاید اور شیخ راشد کی امن، ترقی اور انسانیت پر مبنی میراث کو زندہ رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ یومِ پرچم کا آغاز نومبر 2013 میں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا تھا، تاکہ ہر سال 3 نومبر کو قومی اتحاد، خودمختاری اور فخر کی علامت کے طور پر منایا جا سکے۔

یہ دن ’نیشنل منتھ‘ مہم کے آغاز کا بھی نشان ہے، جو 3 نومبر سے 2 دسمبر 2025 (یومِ اتحاد) تک جاری رہے گی۔ اس مہم کا مقصد قومی تقریبات کے اصل مفہوم کو اجاگر کرنا، عوام میں فخر کا جذبہ پیدا کرنا، اور قیادت سے وفاداری کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہے۔