ابوظہبی چیمبر اور 1X ٹیکنالوجیز کے درمیان معاہدہ، روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے صنعتی ترقی کا آغاز

ابوظہبی، 5 نومبر، 2025 (وام)--ابوظہبی چیمبر آف کامرس نے 1X ٹیکنالوجیز انکارپوریشن کے ساتھ ایک اسٹریٹیجک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ کمپنی روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیکنالوجیز کی عالمی سطح پر معروف ڈویلپر ہے۔

اس شراکت کا مقصد نجی شعبے کی ترقی کو تیز کرنا، عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، اور صنعتی تبدیلی کے عمل کو فروغ دینا ہے۔

تعاون کے اس معاہدے کے تحت فریقین روبوٹکس اور اے آئی کو استعمال کرتے ہوئے کلین انرجی، اسمارٹ مینوفیکچرنگ، اور صنعتی آٹومیشن کے شعبوں میں جدت لانے پر کام کریں گے۔

مزید برآں، اس شراکت کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو جدید ترین آٹومیشن اور اے آئی حل اپنانے میں مدد فراہم کی جائے گی۔

یہ تعاون ابوظہبی میں کام کرنے والی کمپنیوں کو 1X ٹیکنالوجیز کے ساتھ شراکت اور خطے کے صنعتی و توانائی کے شعبوں میں مستقبل کی ٹیکنالوجیز کو مقامی سطح پر فروغ دینے کے مواقع فراہم کرے گا۔

معاہدے پر ابوظہبی چیمبر کے بورڈ کے دوسرے نائب چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر شمس علی خلفان الظاہری اور 1X ٹیکنالوجیز کے چیف فنانشل آفیسر (CFO) مسٹر مستعلی حسین نے دستخط کیے ہی‏ں۔