ابوظہبی، 11 نومبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے جمہوریہ چاڈ کے صدر محمد ادریس دِبی اِتنو کا استقبال کیا، جو سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچے اور امارات–چاڈ تجارتی و سرمایہ کاری فورم میں شریک ہوئے۔
ملاقات قصر البحر میں ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور معاشی، تجارتی، ترقیاتی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کی، تاکہ دونوں ممالک کے ترقیاتی اہداف کو مزید تقویت دی جا سکے۔
صدر شیخ محمد بن زاید نے اس موقع پر کہا کہ امارات افریقی ممالک کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ پائیدار ترقی اور مشترکہ اقتصادی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عزم امارات کے اس وژن سے جڑا ہے جو دنیا بھر میں ترقی، استحکام اور آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے اسٹریٹجک تعلقات قائم کرنے پر مبنی ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ابوظہبی میں 10 اور 11 نومبر کو منعقدہ امارات–چاڈ تجارتی و سرمایہ کاری فورم کی اہمیت پر بھی گفتگو کی، جس میں ’چاڈ کنکشن 2030‘ کے نام سے قومی ترقیاتی منصوبے کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ اس منصوبے کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔
صدر محمد ادریس دِبی اِتنو نے فورم کی میزبانی پر صدر شیخ محمد بن زاید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فورم کے نتائج نے دونوں ممالک کے تعلقات، خاص طور پر سرمایہ کاری اور معیشت کے شعبوں میں، نئی راہیں کھول دی ہیں۔
ملاقات میں نائب صدر و نائب وزیر اعظم عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان، ولی عہد ابوظہبی عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان سمیت متعدد وزراء، اعلیٰ حکام اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔