شیخ سیف بن زاید کی قیادت میں اماراتی وفد کی جی سی سی وزرائے داخلہ اجلاس میں شرکت

ابوظہبی، 13 نومبر، 2025 (وام) --نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ عزت مآب شیخ سیف بن زاید النہیان نے اماراتی وفد کی قیادت کرتے ہوئے کویت کے بیان پیلس میں ہونے والے جی سی سی کے وزرائے داخلہ کے 42ویں اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں تمام خلیجی ریاستوں کے وزرائے داخلہ اور وفود کے سربراہ شریک ہوئے۔

اپنے خطاب میں عزت مآب شیخ سیف بن زاید نے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے نیک تمنائیں پہنچائیں اور متحدہ عرب امارات کی حکومت و عوام کی جانب سے خلیجی وزرا کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے ریاستِ کویت کی قیادت اور عوام کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ ساتھ ہی جی سی سی سیکرٹریٹ اور سیکرٹری جنرل جاسم البدیعی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

شیخ سیف بن زاید نے کہا کہ علاقائی اور عالمی سکیورٹی چیلنجوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے لیے خلیجی ممالک کے درمیان مزید مضبوط، مشترکہ اور مربوط تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اجتماعی کوششیں ہی جی سی سی ممالک کی سلامتی، استحکام اور عوام کی ترقی کے ثمرات کو محفوظ رکھنے کا موثر ذریعہ ہیں۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے ہر اس اقدام کی حمایت کا اعادہ کیا جو خلیجی اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ سکیورٹی کو مضبوط بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جی سی سی قیادت کی رہنمائی میں مشترکہ خلیجی کوششیں خطے کو مزید ترقی، شراکت اور استحکام کی نئی بلند یوں تک لے جائیں گی۔

اجلاس میں وزرائے داخلہ نے سکیورٹی تعاون بڑھانے، مربوط حکمت عملی بنانے، منظم جرائم اور سائبر کرائم کے خلاف اقدامات جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کا مقصد جی سی سی ممالک کے اجتماعی امن و استحکام کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

اجلاس میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے بہتر استعمال پر بھی گفتگو کی گئی، تاکہ سکیورٹی تیاریوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے، فیلڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جائے اور خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا بروقت جائزہ لیا جا سکے۔

شرکاء نے خلیجی ممالک کی مشترکہ سکیورٹی کوششوں کو سراہا اور قومی اداروں کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ علاقائی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مسلسل تعاون، مشترکہ حکمت عملی اور باہمی حمایت ناگزیر ہے۔

کویت آمد پر عزت مآب شیخ سیف بن زاید کا استقبال کویت کے پہلے نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف سعود الصباح سمیت کئی اعلیٰ حکام نے کیا۔