دبئی، 17 نومبر، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے آج دبئی ورلڈ سنٹرل میں جاری دبئی ایئر شو 2025 کی نمائش کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ دبئی کے پہلے نائب حکمران، نائب وزیراعظم و وزیرِ خزانہ شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم بھی موجود تھے۔
ایئر شو کی یہ سب سے بڑی ایڈیشن ہے، جو 17 سے 21 نومبر تک جاری رہے گا، جس میں ہوا بازی، دفاع اور خلائی صنعتوں کی نامور عالمی کمپنیاں شریک ہیں۔
اپنے دورے کے دوران شیخ محمد بن راشد نے جدید فضائی، دفاعی اور خلائی ٹیکنالوجیز کا جائزہ لیا اور کہا کہ تکنیکی ترقی علاقائی و عالمی سطح پر مسابقت بڑھانے کے لیے ضروری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نئے سول اور عسکری طیاروں کے بڑے منصوبوں کا بھی معائنہ کیا، جبکہ شیخ احمد بن سعید المکتوم اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔
شیخ محمد بن راشد نے امارات کی جدت، تحقیق اور ہوا بازی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی رہنمائی کا تسلسل مضبوط شراکت داریوں اور قومی صلاحیتوں کی ترقی سے ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دبئی مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسمارٹ انفراسٹرکچر اور جدید ہوائی اڈوں میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ دبئی ایئر شو مستقبل کی ہوا بازی اور خلائی صنعتوں کی سمت متعین کرنے والی جدتوں کو یکجا کرتا ہے، اور متحدہ عرب امارات ان شعبوں کو اپنی ٹیکنالوجی و علم پر مبنی قومی حکمتِ عملی کا اہم ستون بنا رہا ہے۔
دورے کے دوران انہوں نے مختلف پویلینز میں جدید کمرشل و عسکری طیاروں، پائیدار اور ہائبرڈ ایوی ایشن ٹیکنالوجیز، نئی فضائی موبلٹی سلوشنز، اور جدید دفاعی و خلائی نظاموں کا معائنہ کیا۔ انہیں فضائی سفر کی کارکردگی بڑھانے اور کاربن اخراج کم کرنے کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
شیخ محمد نے چینی مسافر طیارہ C919 کا بھی جائزہ لیا، جو پہلی بار مشرقِ وسطیٰ میں پیش کیا گیا ہے۔ 192 نشستوں پر مشتمل یہ طیارہ بہتر فیول کارکردگی اور اعلیٰ آپریشنل صلاحیتوں کے ساتھ چین کی کمرشل ایوی ایشن میں اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے CATIC، اسٹریٹا (مبادلہ)، ایج گروپ، ایل او ڈی ڈی، اور دبئی ساؤتھ کے پویلینز کا بھی دورہ کیا، جہاں چین-امارات فضائی تعاون، اماراتی ایئر کرافٹ مینوفیکچرنگ، اور جدید دفاعی ٹیکنالوجیز کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔
اس سال ایئر شو میں 1,500 سے زائد نمائش کنندگان, جن میں 440 نئے ادارے شامل ہیں، جبکہ 148,000 تجارتی زائرین, اور 115 ممالک سے 490 عسکری و سول وفود شریک ہیں۔ 21 ملکی پویلینز بھی شامل ہیں، جن میں مراکش پہلی بار شرکت کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ 98 چیلٹس، 8,000 مربع میٹر کا اضافی نمائش علاقہ، 120 اسٹارٹ اپس اور 50 سرمایہ کار بھی ایونٹ کا حصہ ہیں۔
ایونٹ میں 200 سے زائد طیارے جیسے کمرشل، عسکری، پرائیویٹ جیٹس، بغیر پائلٹ کے فضائی نظام اور نئی نسل کی ٹیکنالوجیز کو فلائنگ اور اسٹیٹک ڈسپلے میں پیش کیا گیا، جو اس ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ ہے۔