یو اے ای کے بہتر مستقبل کے وژن میں عالمی شراکت داریاں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں: محمد بن راشد

دبئی، 17 نومبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا ہے کہ امارات دنیا بھر کے ساتھ ایسی تزویراتی عالمی شراکت داریاں قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے جو پائیدار ترقی اور انسانیت کے بہتر مستقبل کو آگے بڑھائیں۔

انہوں نے یہ بات بوئنگ کمپنی کی ایگزیکٹو نائب صدر اور صدر و سی ای او اسٹیفنی پوپ سے ملاقات کے دوران کہی، جو دبئی ایئر شو کے موقع پر منعقد ہوئی۔

ملاقات میں شیخ محمد بن راشد نے امارات اور معروف عالمی ایوی ایشن کمپنیوں کے درمیان مضبوط اور وسعت پاتے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بوئنگ کے ساتھ امارات کا دیرینہ اور مؤثر اشتراک کامیاب بین الاقوامی تعاون کی بہترین مثال ہے۔

انہوں نے دبئی ایئر شو کی 19ویں ایڈیشن میں بوئنگ کی نمایاں شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ میں شمولیت دونوں فریقوں کے درمیان جدت، پائیداری اور سرمایہ کاری کے میدان میں نئے مواقع پیدا کرتی ہے۔

شیخ محمد بن راشد نے ایمرٹس ایئر لائن اور بوئنگ کے درمیان 65 بوئنگ 777-9 طیاروں کی خریداری کے معاہدے کی بھی تعریف کی، جس کی مالیت 38 ارب امریکی ڈالر ہے۔ اس کے ساتھ ایمرٹس کے بوئنگ سے کُل آرڈرز کی تعداد 315 وائیڈ باڈی طیاروں تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی ایوی ایشن انڈسٹری میں عالمی معیار قائم کرنے اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی مثالیں پیش کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے گا، تاکہ اسے ایوی ایشن جدت کے عالمی مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

ملاقات میں شیخ احمد بن سعید المکتوم بھی شریک تھے، جہاں امارات اور بوئنگ کے درمیان طویل شراکت داری کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کی ممکنہ شراکت داریوں پر گفتگو ہوئی۔

بوئنگ کی ایگزیکٹو نائب صدر اسٹیفنی پوپ نے امارات کے ساتھ تزویراتی تعلقات اور ایمرٹس ایئر لائن کے ساتھ قریبی تعاون پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بوئنگ کی دبئی ایئر شو میں بھرپور شمولیت مشرقِ وسطیٰ اور خاص طور پر امارات کے ساتھ اس کے دیرینہ تعلقات کی عکاس ہے۔

گفتگو میں مستقبل کی ہوا بازی سے متعلق کلیدی عوامل جیسے مصنوعی ذہانت، پائیدار فضائی ٹیکنالوجیز، الیکٹرک و ہائبرڈ ایئرکرافٹس، تربیت، ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ اور تحقیق کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بوئنگ، جو دنیا کی سب سے بڑی ایروسپیس کمپنیوں میں سے ایک ہے، 150 سے زائد ممالک میں کمرشل، دفاعی اور خلائی نظام فراہم کرتی ہے اور اس کے عالمی عملے کی تعداد 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہے۔