صدر شیخ محمد بن زاید کا دبئی ایئر شو کا دورہ، جدید فضائی ٹیکنالوجیز میں دلچسپی کا اظہار

ابوظہبی، 20 نومبر، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے دبئی ورلڈ سینٹرل میں جاری دبئی ایئر شو 2025 کے تیسرے روز کا دورہ کیا جو 21 نومبر تک جاری رہے گا۔

دورے کے دوران انہوں نے متعدد قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے پویلینز کا معائنہ کیا جو طیارہ سازی، فضائی دفاعی نظام، سول و عسکری طیاروں اور بغیر پائلٹ کے فضائی گاڑیوں کے شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔ انہیں نمائش میں پیش کی جانے والی تازہ ترین ٹیکنالوجیز، جدید حل اور اختراعات سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

شیخ محمد بن زاید نے ’ہیلی‘ نامی جدید فضائی جہاز کا معائنہ بھی کیا، جو یو اے ای کی کمپنی لوڈ آٹونومس نے تیار کیا ہے۔ یہ طیارہ مکمل طور پر ملک میں ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے اور اس کا مقصد ایئر کارگو سروسز کو بہتر بنانا اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے جدید فضائی حل فراہم کرنا ہے۔

ایئر شو کے موقع پر امارات کے صدر کی ملاقات اٹلی کے وزیرِ دفاع گیڈو کروسیٹو سے بھی ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور اسے مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے دوران دبئی ایئر شو کی عالمی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، جہاں دنیا بھر کی کمپنیاں مستقبل کی ایوی ایشن انڈسٹری کی تشکیل کرنے والی ٹیکنالوجیز پیش کرتی ہیں۔

اس موقع پر عزت مآب شیخ محمد بن زاید کے ہمراہ صدارتی دیوان برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، امارات کے صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن تحنون النہیان اور کئی وزرا و اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔