یو اے ای کے صدر اور کینیڈا کے وزیرِ اعظم کی ملاقات, سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور تعاون کے نئے مواقع پر اتفاق

ابوظہبی، 21 نومبر، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زايد النہیان اور کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی کے درمیان جمعرات کو اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور ترقیاتی تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ اعظمِ کینیڈا کو سرکاری دورے پر قصر الشاطی آمد پر امارات کے صدر نے خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔

ملاقات میں دونوں فریقوں نے پچاس برس سے جاری شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور سرمایہ کاری، تجارت، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، صاف توانائی، موسمیاتی کارروائی، تعلیم، ثقافت اور پائیدار ترقی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر شیخ محمد بن زايد النہیان نے کہا کہ یو اے ای–کینیڈا تعلقات علاقائی اور عالمی ترقی کے لیے باہمی تعاون کی ایک مثالی مثال ہیں۔ وزیرِ اعظم مارک کارنی نے امارات کے ساتھ مضبوط تعلقات کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے لیے مصروفِ عمل رہیں گے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ یو اے ای کی جانب سے شیخ عبداللہ بن زايد آل نھیان جبکہ کینیڈا کی جانب سے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے دستخط کیے۔ اس دورے کے موقع پر سرمایہ کاری تعاون سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) کا اعلان بھی کیا گیا۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، صدارتی دیوان برائے ترقی و شہدا کے امور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ ذياب بن محمد بن زاید النہیان، صدارتی دیوان برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان اور صدرِ امارات کے مشیرِ شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان سمیت متعدد وزرا اور سینئر حکام نے شرکت کی۔