ابوظہبی، 24 نومبر، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات نے سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے صورتحال کو سنگین انسانی المیہ قرار دیا ہے۔
وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم بنت ابراہیم الہاشمی نے ایک سخت بیان میں کہا کہ، "جنرل برہان ایک بار پھر امن کی کوششوں کو مسترد کر رہے ہیں۔ ان کی جانب سے امریکہ کے پیش کردہ امن منصوبے کو مسترد کرنا اور مسلسل جنگ بندی سے انکار ان کے روکنے والے اور رکاوٹ ڈالنے والے رویے کا ثبوت ہے۔ یہ رویہ بے نقاب کیا جانا ضروری ہے، کیونکہ سب سے بڑا خمیازہ سوڈانی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اب سوڈان کی صورتحال کو جدید تاریخ کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک قرار دے رہا ہے، جہاں انسانی امداد تک رسائی کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو جان بوجھ کر بھوکا رکھا جا رہا ہے۔
الہاشمی نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات کو دونوں متحارب فریقین کے طرزِ عمل پر شدید تشویش ہے، جن کی بڑھتی ہوئی عسکری کارروائیاں اور امدادی رسائی میں رکاوٹیں سوڈان کو مکمل تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ، "سوڈان میں خانہ جنگی کا خاتمہ صرف غیر مشروط اور فوری جنگ بندی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔"
الہاشمی نے بیان کے اختتام پر کہاکہ،"یو اے ای، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس کوشش کا خیرمقدم کرتا ہے کہ سوڈان کو انتہا پسندی، تقسیم اور انسانی تباہی کے دہانے سے بچایا جائے۔ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر متحد کوششیں ہی سوڈانی عوام پر ہونے والے مظالم کے خاتمے کی ضامن ہو سکتی ہیں۔ ہمیں ایک پرامن، متحد اور قابلِ اعتبار سوڈان کی جانب واپسی کے لیے ایک واضح راستہ بحال کرنا ہوگا۔"