کراچی، 9 دسمبر، 2025 (وام)--دبئی چیمبرز کے تحت کام کرنے والے ادارے دبئی انٹرنیشنل چیمبر نے کراچی میں اپنا بین الاقوامی نمائندہ دفتر باقاعدہ طور پر قائم کیا ہے۔ یہ اقدام دبئی اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وژن کا حصہ ہے۔
نئے دفتر کا قیام ’دبئی گلوبل‘ نامی عالمی اقدام کے تحت عمل میں آیا ہے، جس کا مقصد سال 2030 تک دنیا بھر میں 50 نمائندہ دفاتر قائم کرنا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دبئی کو ایک عالمی کاروباری مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنا ہے، جہاں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے اور مقامی کمپنیوں کو دنیا کے 30 ترجیحی بازاروں میں بین الاقوامی سطح پر وسعت حاصل ہو۔
دفتر کے افتتاح کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرمیثی سمیت مختلف سرکاری حکام اور پاکستانی کاروباری برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔
محمد علی راشد لوتاہ، صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر دبئی چیمبرز، نے اس موقع پر کہاکہ،
"ہمارے نئے دفتر کا افتتاح دبئی اور پاکستان کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے کی ہماری اسٹریٹجک ترجیح اور پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان تعاون کو نئے دائرہ کار تک لے جانا چاہتے ہیں تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے راستے کھلیں، باہمی ترقی ممکن ہو اور پاکستانی کمپنیوں کو دبئی میں ابھرتے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا موقع ملے۔"
یہ افتتاح ایسے وقت میں عمل میں آیا ہے جب دبئی اور پاکستان کے درمیان کاروباری تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ صرف سال 2024 میں دبئی اور پاکستان کے درمیان غیر تیل تجارتی حجم 22.8 ارب درہم تک پہنچ گیا۔
جبکہ 2022 کے آغاز سے 2025 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک دبئی چیمبر آف کامرس میں رجسٹرڈ پاکستانی کمپنیوں کی تعداد میں 161 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اب 33,110 تک پہنچ چکی ہیں۔ صرف 2025 کے پہلے نو ماہ کے دوران 6,850 نئی پاکستانی کمپنیوں نے چیمبر میں شمولیت اختیار کی۔
کراچی میں قائم کیا گیا نیا دفتر دونوں ممالک کی کمپنیوں کے لیے ایک کلیدی سہولت ثابت ہو گا۔ یہ دفتر پاکستانی کاروباری اداروں کو دبئی کے سرکاری و نجی شعبے کے ساتھ روابط استوار کرنے میں مدد فراہم کرے گا، جبکہ دبئی کو ایک مسابقتی عالمی کاروباری مرکز کے طور پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس کے علاوہ، دفتر مارکیٹ سے متعلق قیمتی معلومات بھی فراہم کرے گا تاکہ پاکستانی کمپنیاں دبئی میں مؤثر انداز میں قدم جما سکیں اور امارات کو عالمی توسیع کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کر سکیں۔
یہ دفتر دبئی میں قائم کمپنیوں کو پاکستان کی مارکیٹ میں داخل ہونے اور کامیاب وسعت کے لیے ضروری رہنمائی، تجزیاتی بصیرت، بااعتماد مقامی شراکت داروں سے روابط اور سرمایہ کاری کے مواقع کی شناخت میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔