ابوظہبی، 15 دسمبر 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیر لاین کے درمیان آج ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں امارات اور یورپی یونین کے درمیان تعاون اور باہمی مفاد میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
گفتگو کے دوران فریقین نے اسٹریٹجک شراکت داری معاہدے کے حوالے سے باقاعدہ مذاکرات کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا اور اسے دونوں فریقین کے درمیان تعلقات کو ترجیعی شعبوں میں مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع فریم ورک قرار دیا۔
شیخ محمد بن زاید اور اُرزولا فان ڈیر لاین نے امارات-یورپی یونین تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا، خصوصاً ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کو اہم قرار دیا کہ آزاد تجارتی معاہدے کی جانب پیش رفت تعاون کے نئے افق کھولنے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
گفتگو میں متعدد علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جن میں خاص طور پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور غزہ میں انسانی بحران پر توجہ مرکوز رہی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ غزہ کی عوام کو مستقل اور مؤثر امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
فریقین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دو ریاستی حل ہی علاقائی استحکام کا واحد مؤثر راستہ ہے، اور ایک منصفانہ و جامع امن عمل کی جانب واضح راہ ہموار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران یوکرین بحران کی تازہ ترین صورتحال اور اس کے پرامن حل کے لیے جاری کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ صدر شیخ محمد بن زاید نے اس موقع پر اس بات کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات بات چیت اور سیاسی حل کے ذریعے تنازعات کے خاتمے کی ہر کوشش کی حمایت کرتا ہے، جو ملک کی علاقائی و عالمی امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کی مستقل پالیسی کا حصہ ہے۔