آرینا کی رپورٹ: نظامی جدت توانائی کے شعبے کو مؤثر انداز میں تبدیل کر سکتی ہے

ابوظہبی،12 جنوری، 2026 (وام) --بین الاقوامی قابل تجدید توانائی ایجنسی (آرینا) کی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ توانائی کے نظام کے لیے کوئی ایک جامع حل موجود نہیں، تاہم نظامی جدت توانائی کے شعبے کے مستقبل کو مؤثر انداز میں تبدیل کر سکتی ہے۔

یہ رپورٹ آرینا کی اسمبلی کے دوران مصنوعی ذہانت کے کردار پر منعقدہ وزارتی مکالمے کے موقع پر جاری کی گئی۔ ’’قابل تجدید توانائی سے تقویت یافتہ پائیدار ترقی کے لیے جدت کا منظرنامہ‘‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ توانائی کے نظام میں حقیقی تبدیلی اس وقت ممکن ہوتی ہے جب تکنیکی جدت کو پالیسی، ضوابط، مارکیٹ ڈیزائن، نظامی آپریشن اور کاروباری ماڈلز میں جدت کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے۔

رپورٹ میں 40 اہم جدتوں کو اجاگر کیا گیا ہے، جن میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ایپلی کیشنز، بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے گرڈ کی جدید کاری، آف گرڈ حل اور نئے کاروباری ماڈلز شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک مربوط اور نظامی نقطہ نظر مضبوط اور لچکدار توانائی کے نظام کی تشکیل، توانائی تک رسائی میں وسعت، لاگت میں کمی اور توانائی کی منتقلی کے مکمل فوائد کے حصول میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔

یہ رپورٹ آرینا کی ’’انوویشن لینڈ اسکیپ‘‘ سیریز کی تیسری اشاعت ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر توانائی کے نظام اور معیشتوں میں قابل تجدید توانائی کے اثرات کو بڑھانے والی ابھرتی ہوئی جدتوں کو نمایاں کرنا ہے۔

آرینا کے ڈائریکٹر جنرل فرانسسکو لا کیمرا نے کہا کہ سوال یہ نہیں کہ ہم توانائی کے نظام کو تبدیل کر سکتے ہیں یا نہیں، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم اس موقع سے بھرپور اور جامع انداز میں فائدہ اٹھاتے ہیں تاکہ سب کو اس کے فوائد حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی منتقلی صرف ٹیکنالوجی کی دستیابی کا معاملہ نہیں بلکہ ایسے حل کی ضرورت ہے جو سماجی انصاف کو بھی یقینی بنائیں۔ ان کے مطابق یہ رپورٹ نظامی جدت کی اپیل کرتی ہے اور پالیسی سازوں کو موزوں حل تشکیل دینے کے لیے ایک عملی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز دنیا کے بیشتر خطوں میں بجلی کی سب سے کم لاگت والی ذرائع بن چکی ہیں۔ لاگت کے لحاظ سے مؤثر قابل تجدید توانائی اور جدت کی غیر مرکزی نوعیت کا امتزاج، ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر معیشتوں میں منصفانہ توانائی منتقلی، معاشی ترقی، بجلی تک عالمگیر رسائی اور توانائی کے نظام کی مضبوطی کو ممکن بنا رہا ہے۔