ادنوک گیس اور ہندوستان پیٹرولیم کے درمیان 3 بلین ڈالر کا طویل مدتی ایل این جی معاہدہ

ابوظہبی، 19 جنوری، 2026 (وام) --ادنوک گیس پی ایل سی اور اس کی ذیلی کمپنیوں نے ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ کے ساتھ دس سالہ مدت کے لیے 2.5 سے 3 ارب امریکی ڈالر مالیت کے سیلز اینڈ پرچیز ایگریمنٹ پر دستخط کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ معاہدہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے سرکاری دورۂ بھارت کے دوران سامنے آیا، جہاں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔

دورے کے موقع پر وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی اور ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر اور ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر وکاس کوشل نے دستخط شدہ معاہدے کا تبادلہ کیا۔ اس موقع کو ادنوک، اس کے شراکت داروں اور بھارت میں صارفین کے درمیان مضبوط اور بڑھتے ہوئے توانائی تعلقات کی ایک اہم علامت قرار دیا گیا۔

ادنوک گیس کی چیف ایگزیکٹو آفیسر فاطمہ النعیمی نے کہا کہ ہندوستان پیٹرولیم کے ساتھ طویل مدتی ایل این جی سپلائی معاہدے پر دستخط متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان مضبوط اور فروغ پاتی توانائی شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ عالمی منڈیوں کو قابل اعتماد ایل این جی فراہم کرنے کے ادنوک گیس کے عزم کو اجاگر کرتا ہے اور بھارت کے اس ہدف کی حمایت کرتا ہے جس کے تحت 2030 تک توانائی کے مجموعی مکس میں قدرتی گیس کا حصہ 15 فیصد تک بڑھایا جانا ہے۔

یہ معاہدہ دونوں کمپنیوں کے درمیان پہلے سے طے شدہ ہیڈز آف ایگریمنٹ کو ایک طویل مدتی سیلز اینڈ پرچیز ایگریمنٹ میں تبدیل کرتا ہے، جس کے تحت سالانہ پانچ لاکھ ٹن مائع قدرتی گیس بھارت کو فراہم کی جائے گی۔ معاہدے کی مجموعی مالیت 2.5 سے 3 ارب امریکی ڈالر کے درمیان ہے۔

اس معاہدے کو متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس سے ایشیا کی تیزی سے ترقی کرتی توانائی منڈیوں کے لیے ادنوک گیس کے ایک قابل اعتماد اور معتبر ایل این جی سپلائر کے کردار کو بھی تقویت ملتی ہے۔

معاہدے کے بعد ادنوک گیس کے زیر انتظام اور معاونت یافتہ ایل این جی معاہدوں کی مجموعی مالیت 20 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارت اس وقت متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا صارف اور ادنوک گیس کی ایل این جی حکمت عملی کا ایک کلیدی ستون ہے۔ کمپنی کی طویل مدتی ترقی کو بھارت کی توانائی منڈی کی مسلسل توسیع سے منسلک قرار دیا گیا ہے۔

ادنوک گیس 2029 تک 15.6 ملین ٹن سالانہ ایل این جی کی آپریٹر بننے کا ہدف رکھتی ہے، جس میں سے 3.2 ملین ٹن سالانہ بھارتی توانائی کمپنیوں، بشمول ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن، کو فراہم کی جائے گی۔ یہ ایل این جی ادنوک گیس کی داس آئی لینڈ لیکویفیکشن سہولت سے فراہم کی جائے گی، جس کی پیداواری صلاحیت 6 ملین ٹن سالانہ ہے اور جو دنیا کے طویل ترین عرصے سے کام کرنے والے ایل این جی پلانٹس میں شمار ہوتی ہے۔ داس آئی لینڈ نے اب تک دنیا بھر میں 3,500 سے زائد ایل این جی کارگو فراہم کیے ہیں، جو اس کی مضبوط آپریشنل کارکردگی اور دیرینہ اعتبار کی عکاسی کرتا ہے۔

ہندوستان پیٹرولیم کے ساتھ یہ معاہدہ ادنوک گیس کی اس حکمت عملی کے عین مطابق ہے جس کا مقصد صارفین کی بنیاد کو وسیع کرنا اور بھارت سمیت ایشیا کی کلیدی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں اپنی موجودگی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران ادنوک گیس نے 0.4 سے 1.2 ملین ٹن سالانہ کے درمیان طویل مدتی ایل این جی معاہدے کیے ہیں، جن کی مدت 14 سال تک ہے۔ ان معاہدوں کے ذریعے ادنوک گیس نے ایشیا کی تیزی سے ترقی کرتی توانائی منڈیوں کے لیے کم کاربن اور قابل اعتماد ایل این جی کے ایک نمایاں سپلائر کے طور پر اپنی حیثیت مزید مضبوط کی ہے۔