شیخ محمد بن زاید اور قازقستانی سینیٹ کے چیئرمین کی ملاقات، پارلیمانی تعاون پر گفتگو

ابوظبی، 5 فروری، 2026 (وام) --متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج جمہوریہ قازقستان کی سینیٹ کے چیئرمین اور کانگریس آف لیڈرز آف ورلڈ اینڈ ٹریڈیشنل ریلیجنز کے سیکرٹریٹ کے سربراہ مولن اشیمبایف کا استقبال کیا۔ یہ ملاقات ابوظہبی کے قصر الشاطی میں منعقد ہوئی۔

ملاقات کے دوران مولن اشیمبایف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کی جانب سے شیخ محمد بن زاید النہیان کے لیے نیک تمنائیں اور متحدہ عرب امارات کی مسلسل ترقی و خوشحالی کے لیے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی صدر توقایف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے قازقستان اور اس کی عوام کے لیے مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش ظاہر کی۔

گفتگو میں متحدہ عرب امارات اور قازقستان کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا، جو دونوں ممالک کے مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات کے عین مطابق ہے۔ ملاقات کے دوران اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ پارلیمان مکالمے کے فروغ، ثقافتی ہم آہنگی کے پل قائم کرنے اور بقائے باہمی و تعاون کی اقدار کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، جو ترقی یافتہ اور خوشحال معاشروں کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہیں۔

اس ملاقات میں ابوظہبی کے ولی عہد عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان، الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندہ عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان، عزت مآب شیخ حامد بن زاید النہیان،صدارتی دیوان برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمینر عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن تہنون النہیان کے علاوہ متعدد وزراء اور اعلیٰ ریاستی حکام بھی موجود تھے۔