ایئر عربیہ کی 2025 میں تاریخ کی بہترین مالی و آپریشنل کارکردگی، منافع 1.8 ارب درہم تک پہنچ گیا

شارجہ، 12 فروری، 2026 (وام) – ایئر عربیہ نے 31 دسمبر 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال کے لیے اپنی تاریخ کی مضبوط ترین مالی اور آپریشنل کارکردگی کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی نے 2025 کے دوران قبل از ٹیکس خالص منافع 1.8 ارب درہم ریکارڈ کیا، جو 2024 کے 1.6 ارب درہم کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے۔ سالانہ مجموعی آمدنی 7.78 ارب درہم سے تجاوز کرگئی، جو گزشتہ سال کے 6.76 ارب درہم کے مقابلے میں 15 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

سال بھر ایئر عربیہ نے اپنے چھ آپریشنل مراکز کے ذریعے نیٹ ورک میں توسیع جاری رکھی اور 30 نئے روٹس کا اضافہ کیا۔ اس منظم توسیع کے نتیجے میں آپریشنل گنجائش میں 10 فیصد اور مجموعی مسافروں کی تعداد میں 16 فیصد اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 2 کروڑ 18 لاکھ تک پہنچ گئی۔ اوسط سیٹ لوڈ فیکٹر 4 فیصد پوائنٹس کے اضافے سے 85 فیصد ہوگیا، جو خدمات کی مسلسل مانگ اور کمپنی کے مؤثر کاروباری ماڈل کی عکاسی کرتا ہے۔

ایئر عربیہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے حصص یافتگان کے لیے شیئر کیپٹل کا 30 فیصد بطور منافع تقسیم کرنے کی تجویز دی ہے، جو فی حصص 30 فلس بنتا ہے۔ اس تجویز کی منظوری آئندہ سالانہ جنرل اجلاس میں شیئر ہولڈرز سے لی جائے گی۔

ایئر عربیہ کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد الثانی کے مطابق 2025 کمپنی کے لیے غیر معمولی کامیابی کا سال ثابت ہوا، جس کی بنیاد ترقیاتی حکمت عملی پر مؤثر عملدرآمد اور صارفین کے اعتماد پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے نیٹ ورک میں توسیع، گنجائش میں بہتری اور آپریشنل کارکردگی کو مستحکم کرتے ہوئے پائیدار منافع حاصل کیا، جو اس کے مضبوط کاروباری ماڈل اور قیادت کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2025 کے دوران خطے میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی، مہنگائی اور سپلائی چین کے دباؤ جیسے چیلنجز کے باوجود کمپنی نے آپریشنل کارکردگی اور کاروباری لچک کو برقرار رکھا اور صارفین کو معیاری خدمات فراہم کیں۔ اس حکمت عملی کے باعث صارفین کی تعداد میں اضافہ، اہم منڈیوں میں موجودگی میں وسعت اور حصص یافتگان کے لیے طویل مدتی قدر میں اضافہ ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اسی دوران بیڑے میں توسیع اور نیٹ ورک کی ترقی میں سرمایہ کاری جاری رکھتے ہوئے کمپنی کو آئندہ مرحلے کی پائیدار کامیابی کے لیے تیار کیا گیا۔

چوتھی سہ ماہی، جو 31 دسمبر 2025 کو ختم ہوئی، کے دوران ایئر عربیہ نے 405 ملین درہم کا ریکارڈ خالص منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 351 ملین درہم کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے۔ اس سہ ماہی میں مجموعی آمدنی 26 فیصد اضافے کے ساتھ 2.12 ارب درہم تک پہنچ گئی، جبکہ مسافروں کی تعداد میں 22 فیصد اضافہ ہوا اور مختلف مراکز کے ذریعے 57 لاکھ سے زائد مسافروں کو خدمات فراہم کی گئیں۔ اس عرصے میں سیٹ لوڈ فیکٹر 5 فیصد اضافے سے 87 فیصد ہوگیا، جو کمپنی کی خدمات کی مضبوط مانگ کی عکاسی کرتا ہے۔