ابوظہبی، 18 فروری، 2026 (وام) --قومی مرکز برائے موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں سال ماہِ رمضان فروری کے دوسرے اور مارچ کے پہلے نصف میں، سردیوں کے موسم کے دوران آیا ہے، جس کے باعث ملک کے بیشتر حصوں میں عمومی طور پر معتدل موسمی حالات متوقع ہیں۔
مرکز کی رپورٹ کے مطابق رمضان کے پہلے نصف میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معتدل رہے گا، جبکہ دوسرے نصف میں اس میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔ راتیں عموماً معتدل سے خوشگوار ہوں گی، تاہم اندرونی اور پہاڑی علاقوں میں دیر رات اور صبح موسم نسبتاً سرد رہنے کا امکان ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہتا ہے، جبکہ بعض اندرونی علاقوں میں دوپہر کے وقت درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ کم سے کم اوسط درجہ حرارت 18 سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعض پہاڑی اور اندرونی مقامات پر صبح سویرے درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے بھی کم ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران خطہ عموماً سائبیریا کے بلند دباؤ کے نظام کے زیر اثر رہتا ہے، تاہم اس میں وقتی کمزوری کے باعث مغرب یا مشرق سے عارضی کم دباؤ کے نظام داخل ہو سکتے ہیں۔ بالائی فضائی ٹرف کے ساتھ مل کر یہ نظام بادلوں کی افزائش اور مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات کو بڑھا سکتے ہیں۔
طویل مدتی پیش گوئیوں کے مطابق بارش کی مجموعی مقدار موسمی اوسط یعنی تقریباً 8 ملی میٹر کے برابر یا اس سے کم رہنے کا امکان ہے۔ ماضی میں اس عرصے کے دوران 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش 287.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جو 9 مارچ 2016 کو الشعیب میں ہوئی تھی۔
رات اور صبح کے اوقات میں نمی میں اضافے کے باعث بعض علاقوں میں دھند اور کہر بننے کے امکانات ہیں۔ اس دوران اوسط زیادہ سے زیادہ نسبتی نمی 70 سے 85 فیصد جبکہ دن کے وقت کم سے کم نسبتی نمی 20 سے 35 فیصد کے درمیان رہتی ہے۔
ہوائیں عموماً رات اور صبح جنوب مشرقی سمت سے چلتی ہیں اور دوپہر و شام کے اوقات میں شمال مغربی رخ اختیار کر لیتی ہیں، جسے خشکی اور سمندر کی ہوا کا چکر کہا جاتا ہے۔ بعض اوقات دباؤ کے نظام کی شدت کے باعث ہوائیں تیز ہو سکتی ہیں، جس سے کھلے علاقوں میں گرد و غبار اڑنے کا امکان ہوتا ہے۔ اوسط رفتار تقریباً 13 کلومیٹر فی گھنٹہ رہتی ہے، جبکہ سب سے تیز ہوا کا جھونکا 141 کلومیٹر فی گھنٹہ 27 فروری 2010 کو جبل مبریح پر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق رمضان کے آغاز میں روزے کا دورانیہ تقریباً 12 گھنٹے 46 منٹ ہوگا، جو ماہ کے اختتام تک بڑھ کر تقریباً 13 گھنٹے 25 منٹ ہو جائے گا۔ یہ اعداد و شمار ابوظبی اور نواحی علاقوں کے لیے ہیں، جبکہ جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے چند منٹ کا فرق ممکن ہے۔