فجیرہ، 18 فروری، 2026 (وام) -- سپریم کونسل کے رکن اور فجیرہ کے حکمران عزت مآب شیخ حمد بن محمد الشرقی نے ماہِ رمضان کی آمد پر فجیرہ کے تعزیری و اصلاحی اداروں سے 125 قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔
رہائی پانے والوں کا تعلق مختلف قومیتوں سے ہے اور انہیں جیل میں حسنِ سلوک اور اچھے کردار کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ اقدام حکمران فجیرہ کی اس خواہش کا مظہر ہے کہ مستحق قیدیوں کو نئی زندگی شروع کرنے کا موقع فراہم کیا جائے اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے رمضان کے بابرکت مہینے میں خوشیاں لائیں جا سکے۔
کمانڈر اِن چیف فجیرہ پولیس میجر جنرل محمد بن غانم الکعبی نے اس انسان دوست فیصلے پر شیخ حمد بن محمد الشرقی سے اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رہائی پانے والے افراد معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں گے، قانون کی پاسداری کریں گے اور ایک باوقار زندگی کا آغاز کریں گے۔