ڈی آئی ایف سی اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے اشتراک سے پاکستان فِن ٹیک سمٹ کا انعقاد 18 اور 19 اگست کو ہوگا

دبئی، 23 فروری، 2026 (وام) --دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے تحت قائم ڈی آئی ایف سی انوویشن ہب پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے اشتراک سے 18 اور 19 اگست 2026 کو پاکستان فِن ٹیک سمٹ منعقد کرے گا، جس کا مقصد پاکستان کو عالمی فِن ٹیک منظرنامے میں ایک اسٹریٹجک ترقیاتی منڈی کے طور پر اجاگر کرنا ہے۔

پاکستان فِن ٹیک سمٹ دبئی فِن ٹیک سمٹ کی پہلی بین الاقوامی توسیع ہے، جو دنیا کے ممتاز مالیاتی اور فِن ٹیک رہنماؤں کے نمایاں ترین اجتماعات میں شمار ہوتی ہے۔ اس کا انعقاد ڈی آئی ایف سی کرتا ہے، جو مشرق وسطیٰ، افریقہ اور جنوبی ایشیا کے خطے کا معروف عالمی مالیاتی مرکز ہے۔

سمٹ میں خطے کے بااثر پالیسی سازوں، مالیاتی اداروں، ٹیکنالوجی رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور جدت کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔ اس کا ہدف پاکستان کی تیزی سے فروغ پاتی ڈیجیٹل معیشت کو تقویت دینا اور ملک کو علاقائی فِن ٹیک اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے مرکز کے طور پر مستحکم کرنا ہے۔

اس موقع پر ڈی آئی ایف سی اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف امیری نے کہا کہ پاکستان جیسے ابھرتے ہوئے فِن ٹیک مرکز میں دبئی فِن ٹیک سمٹ کی توسیع مالیاتی جدت میں عالمی مکالمے کی قیادت کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام متحدہ عرب امارات، پاکستان اور جنوبی ایشیا کے درمیان سرحد پار جدت اور ترقی کے مواقع کو فروغ دے گا اور مالیات کے مستقبل کی سمت متعین کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ قابل اعتماد فِن ٹیک نظام جدت، ضابطہ جاتی وضاحت اور ادارہ جاتی اعتماد پر استوار ہوتا ہے اور پاکستان ان شعبوں میں مستقبل بین حکمت عملی کے تحت پیش رفت کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ڈی آئی ایف سی کے ساتھ شراکت داری عالمی اعتماد کا اظہار ہے اور پاکستان کے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو تقویت دے گی۔

پاکستان کے ڈیجیٹل نیشن ایجنڈے کے تحت فِن ٹیک کو بنیادی معاشی ڈھانچے کی حیثیت حاصل ہے۔ خود مختار ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، مؤثر ضابطہ کاری اور سرحد پار سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے پاکستان کو ایک مربوط اور جدت پر مبنی ڈیجیٹل معیشت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں پاکستان ڈیجیٹل فنانس کی نمایاں منڈی کے طور پر ابھرا ہے۔ 2025 کی پہلی ششماہی میں فِن ٹیک فنڈنگ 52.5 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ نومبر 2025 کے اختتام تک 450 فِن ٹیک کمپنیوں نے مجموعی طور پر 391 ملین امریکی ڈالر وینچر کیپیٹل حاصل کیے۔

تاہم ماہرین کے مطابق ساختی رکاوٹیں، بنیادی ڈھانچے کی کمی اور نقدی کے زیادہ استعمال جیسے عوامل پیش رفت کی رفتار کو متاثر کرتے ہیں۔ اس تناظر میں فِن ٹیک کمپنیاں مالی شمولیت کے فروغ، دیہی علاقوں تک ڈیجیٹل خدمات کی توسیع اور صارفین میں آگاہی بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔

دبئی فِن ٹیک سمٹ نے شہر دبئی کو گلوبل فنانشل سینٹرز انڈیکس کے مطابق فِن ٹیک کے شعبے میں دنیا کے سرفہرست چار مالیاتی مراکز میں شامل کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں عالمی معیار قائم کیے ہیں۔

پاکستان میں اس سمٹ کی بین الاقوامی توسیع اسٹریٹجک معاہدوں، سرمایہ کاری کے اعلانات، نئی مصنوعات کی رونمائی اور شعبہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ اس میں اسٹارٹ اپ نمائشیں، سرمایہ کار پروگرامز، خصوصی گول میز اجلاس اور دونوں ممالک کے ریگولیٹرز کے ساتھ منتخب سیشنز شامل ہوں گے۔

پاکستان فِن ٹیک سمٹ مالیاتی اداروں، جدت کاروں اور پالیسی سازوں کو یکجا کر کے مشترکہ ترجیحات کے تعین، نئے مواقع کی تلاش اور شعبے کی پائیدار ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔