فلائی دبئی کی محدود شیڈول کے ساتھ پروازیں بحال

دبئی، 5 مارچ، 2026 (وام) --فلائی دبئی نے اپنے فضائی نیٹ ورک پر محدود شیڈول کے ساتھ پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں فلائی دبئی کے ترجمان نے کہا کہ ایئرلائن اپنے پروازوں کے شیڈول کو مسلسل اپ ڈیٹ کر رہی ہے اور فضائی حدود پر عائد پابندیاں ختم ہونے کے ساتھ مزید پروازیں مرحلہ وار شامل کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایئرلائن صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم بعض پروازوں کے راستے عارضی طور پر تبدیل کیے جانے کے باعث پرواز کا دورانیہ معمول سے زیادہ ہو سکتا ہے۔ ترجمان کے مطابق مسافروں اور عملے کی سلامتی فلائی دبئی کی اولین ترجیح ہے۔

فلائی دبئی نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس وقت تک ایئرپورٹ کا رخ نہ کریں جب تک ان کے پاس تصدیق شدہ بکنگ یا دوبارہ بکنگ کی باضابطہ تصدیق موجود نہ ہو۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فلائی دبئی کے ذریعے دبئی پہنچ کر دوسری پروازوں کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو صرف اسی صورت میں سفر کی اجازت دی جائے گی جب ان کی کنیکٹنگ پرواز فعال ہو گی۔