روم، 5 مارچ، 2026 (وام) --نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے اپنے سرکاری دورۂ روم کے دوران اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت دوطرفہ تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے اٹلی کی وزیر اعظم کو متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے نیک تمنائیں اور اٹلی اور اس کی عوام کے لیے ترقی و خوشحالی کی خواہشات پہنچائیں۔
اس موقع پر جارجیا میلونی نے بھی شیخ عبداللہ بن زاید سے درخواست کی کہ وہ ان کی جانب سے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کو نیک تمنائیں اور متحدہ عرب امارات اور اس کی عوام کے لیے مسلسل ترقی اور فلاح و بہبود کی خواہشات پہنچائیں۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے متحدہ عرب امارات اور اٹلی کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، قابل تجدید توانائی، پائیداری اور مصنوعی ذہانت سمیت کئی اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ دونوں ممالک کی جامع ترقی اور پائیدار معاشی خوشحالی کے حصول کی کوششوں کو تقویت مل سکے۔
اس موقع پر موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، خصوصاً متحدہ عرب امارات اور خطے کے دیگر ممالک پر ایرانی میزائل حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر۔ شیخ عبداللہ بن زاید اآلنہیان نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اٹلی کے برادرانہ موقف اور اظہارِ یکجہتی پر جارجیا میلونی کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے اس موقع پر کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اٹلی کے درمیان تعلقات طویل تاریخ اور تعمیری تعاون پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں اپنے تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، تاکہ پائیدار ترقی کے حصول کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر استحکام، ترقی اور پائیدار خوشحالی کے فروغ میں اپنا کردار مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
اس ملاقات میں وزیر مملکت سعید مبارک الحاجری بھی موجود تھے۔