ریاض، 23 مارچ 2026 (وام)--خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے خلیجی ممالک کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں خودمختاری، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے، اور کہا ہے کہ یہ اقدامات علاقائی و عالمی امن و استحکام کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔
یہ بات انہوں نے یورپی کمیشن میں بحیرہ روم سے متعلق امور کی کمشنر ڈوبراوکا شوئیکا سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔
جاسم البدیوی نے اس موقع پر فوری طور پر تمام جارحانہ اقدامات روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کشیدگی کو قابو میں لانے کے لیے عالمی سطح پر مربوط کوششیں ناگزیر ہیں، تاکہ خطے کی سلامتی و استحکام، سمندری تحفظ اور عالمی توانائی کی ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب یورپی کمشنر نے بھی خلیجی ممالک کے خلاف ایرانی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے یورپی یونین کی جانب سے جی سی سی ممالک کی سلامتی اور استحکام کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔