ابوظہبی، 3 اپریل، 2026 (وام) -- ایمریٹس گلوبل ایلومینیم (ای جی اے) نے آج کمپنی کی التویلہ سائٹ پر حالیہ ایرانی حملوں کے بعد آپریشنز کا ابتدائی جائزہ پیش کیا، جو دنیا کے سب سے بڑے ایلومینیم پیداواری کمپلیکسز میں سے ایک ہے۔ التویلہ سائٹ کو خلیفہ اکنامک زون ابوظہبی میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں نمایاں نقصان پہنچا۔ اس سائٹ، جس میں اسملٹر اور کاسٹ ہاؤس، پاور پلانٹ، التویلہ ایلومینا ریفائنری، اور التویلہ ری سائیکلنگ پلانٹ شامل ہیں، کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا اور سہولیات کو ایمرجنسی شٹ ڈاؤن میں ڈال دیا گیا۔
اسملٹر پر آپریشنز دوبارہ شروع کرنے کے لیے، ای جی اے کو انفراسٹرکچر کے نقصانات کی مرمت کرنی ہوگی اور ہر ریڈکشن سیل کو بتدریج بحال کرنا ہوگا۔ ابتدائی اشارے یہ ہیں کہ پرائمری ایلومینیم کی مکمل بحالی میں 12 ماہ تک لگ سکتے ہیں۔ التویلہ ایلومینا ریفائنری اور التویلہ ری سائیکلنگ پلانٹ کچھ پیداوار پہلے بھی دوبارہ شروع کر سکتے ہیں، اس کا انحصار سائٹ کے نقصانات کے حتمی جائزے پر ہے۔
اس موقع پر ای جی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالنصر بن کلبان نے کہاکہ، "ہم اپنے لوگوں پر اس حملے سے گہرے رنجیدہ ہیں، جو 40 سے زائد ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور صرف اپنا کام کر رہے تھے۔ ہم خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ کسی کو جان لیوا چوٹ نہیں آئی اور جو زخمی ہوئے وہ اچھی طرح صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ہماری التویلہ سائٹ عالمی معیشت کی بنیاد ہے اور عالمی سپلائی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے، جس سے یہ واقعہ دنیا بھر کی صنعتوں اور خوشحالی کے لیے نقصان دہ ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں دنیا بھر میں اپنے صارفین کی بھرپور مدد کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ہم ان صارفین کے ساتھ براہ راست کام کر رہے ہیں جن کی ترسیلات التویلہ کی صورتحال سے متاثر ہو سکتی ہیں۔"
التویلہ اسملٹر نے 2025 میں 1.6 ملین ٹن کاسٹ میٹل پیدا کیا۔ ای جی اے کے پاس پانی پر، متحدہ عرب امارات میں اور کچھ بیرون ملک مقامات پر خاطر خواہ میٹل اسٹاک موجود ہے۔ التویلہ ایلومینا ریفائنری نے 2025 میں 2.4 ملین ٹن ایلومینا پیدا کی، اور ای جی اے کی کل ایلومینا ضروریات کا 46 فیصد پورا کیا۔ التویلہ ری سائیکلنگ پلانٹ کی سالانہ پیداواری صلاحیت 185 ہزار ٹن فی سال ہے۔