ابوظہبی، 22 اپریل 2026 (وام)--نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ ٹام بیرینڈسن سے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات اور دیگر برادر و دوست ممالک کو نشانہ بنانے والے بلااشتعال دہشت گرد میزائل حملوں اور ان کے سنگین اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ان حملوں کے علاقائی و عالمی امن و استحکام، بحری سلامتی، توانائی کی فراہمی اور عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر ٹام بیرینڈسن نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک یو اے ای کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے، اور شہریوں، رہائشیوں اور زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی قرار دیتے ہوئے ایرانی دہشت گرد حملے کے بعد یو اے ای کے ساتھ مکمل یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں فریقین نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے اعلان کے تناظر میں خطے کی تازہ صورتحال کا بھی جائزہ لی۔ اس موقع پر خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے قیام کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سے متعلق باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ مشترکہ مفادات کا حصول اور دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر وزیر مملکت لانا زکی نسیبہ اور معاون وزیر خارجہ برائے جدید سائنس و ٹیکنالوجی عمران شرف بھی موجود تھے۔