صدر شیخ محمد بن زاید اور اطالوی وزیر دفاع میں ملاقات، دفاعی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

ابوظہبی، 22 اپریل 2026 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے اٹلی کے وزیر دفاع گویڈو کروسیٹو نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اطالوی وزیر دفاع نے اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کی جانب سے نیک تمنائیں اور یو اے ای کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔

دونوں فریقین نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کیا، جبکہ باہمی مفادات کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور اس کے علاقائی و عالمی استحکام، بحری سلامتی پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گویڈو کروسیٹو نے ایران کی جانب سے یو اے ای اور دیگر ممالک کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا، اور کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرتے ہیں۔

ملاقات میں صدارتی دیوان برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، وزیر مملکت برائے دفاعی امور محمد بن مبارک المزروعی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔