ابوظہبی، 28 اپریل، 2026 (وام)--اتحاد ایئرویز اور ایئر کمبوڈیا نے آج کوڈ شیئر معاہدے کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت اتحاد ایئرویز کے مسافروں کو کمبوڈیا کے معروف انگکور واٹ مندر اور دیگر اہم سیاحتی مقامات تک آسان رسائی حاصل ہو سکے گی۔
اس شراکت داری کے ذریعے اتحاد ایئرویز کے مسافر ایک ہی ٹکٹ پر اپنے نیٹ ورک کے مختلف شہروں سے پنوم پنہ کے راستے سیم ریپ تک سفر بک کر سکیں گے، جبکہ سامان بھی براہِ راست آخری منزل تک منتقل کیا جائے گا۔ انگکور واٹ کے تاریخی مقامات کے علاوہ سیم ریپ شہر اپنی رات کی مارکیٹس، روایتی کھانوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے باعث دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ اسی طرح ایئر کمبوڈیا کے مسافر بھی پنوم پنہ اور ابوظہبی کے درمیان اتحاد ایئرویز کی پروازوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس موقع پر اتحاد ایئرویز کے چیف ریونیو اور کمرشل آفیسر آریک ڈی نے کہا کہ کمبوڈیا ان کے نیٹ ورک میں ایک اہم اور تیزی سے ترقی کرتا ہوا مارکیٹ ہے، جہاں سفر کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق اس شراکت داری سے مسافروں کو ابوظہبی کے ذریعے سیم ریپ اور دیگر مقامات تک آسان اور مربوط سفری سہولت حاصل ہوگی۔
ایئر کمبوڈیا کے چیف کمرشل آفیسر اینگ مولینا کے مطابق یہ معاہدہ جنوب مشرقی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان روابط کو مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو ابوظہبی تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی، جو کاروبار، تجارت اور سیاحت کے لیے ایک اہم مرکز ہے، جبکہ اتحاد ایئرویز کے مسافر کمبوڈیا کی ثقافت اور تاریخی ورثے سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
مزید برآں اتحاد ایئرویز کے مسافر ایئر کمبوڈیا کے ساتھ انٹر لائن معاہدے کے تحت ویتنام کے مختلف شہروں، جن میں ہو چی منہ سٹی، دا نانگ اور فو کوک شامل ہیں، تک بھی سفر کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ اتحاد ایئرویز نے اکتوبر 2025 میں ابوظہبی اور کمبوڈیا کے دارالحکومت پنوم پنہ کے درمیان پروازوں کا آغاز کیا تھا۔