محمد بن زاید سٹی میں مزید کمرشل علاقوں میں پیڈ پارکنگ کا نفاذ، 6 مئی سے اطلاق

ابوظہبی، 29 اپریل، 2026 (وام)--اسمارٹ موبیلیٹی سلوشنز فراہم کرنے والی کمپنی کیو موبیلیٹی نے محمد بن زاید سٹی کے نئے کمرشل علاقوں میں پیڈ پارکنگ سسٹم کے نفاذ کا اعلان کیا ہے، جو محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کے انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سینٹر کی نگرانی میں 6 مئی 2026 سے نافذ ہوگا۔

یہ اقدام علاقے میں پیڈ پارکنگ سسٹم کی توسیعی منصوبہ بندی کا حصہ ہے، جس کا مقصد پارکنگ کے استعمال کو منظم کرنا، ٹریفک مسائل کو کم کرنا اور شہریوں و رہائشیوں کے لیے سفری سہولت کو بہتر بنانا ہے۔

تیسرے مرحلے کے تحت محمد بن زاید سٹی کے کمرشل سیکٹرز ME9 اور ME12 میں پیڈ پارکنگ متعارف کرائی جا رہی ہے، تاکہ زیادہ رش والے علاقوں میں پارکنگ کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے، بے ترتیب پارکنگ کا خاتمہ ہو اور کمرشل و سروس مراکز تک رسائی آسان بنائی جا سکے، جس سے معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

محمد بن زاید سٹی شہر کے مصروف ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں بڑی تعداد میں ملازمین اور وزیٹرز کی آمد و رفت کے باعث ٹریفک کا دباؤ زیادہ رہتا ہے، جس کے پیش نظر ٹریفک روانی بہتر بنانے کے لیے جدید اقدامات ضروری ہو گئے تھے۔

اس مرحلے میں مجموعی طور پر 10 ہزار 205 پارکنگ مقامات شامل ہیں، جن میں ME9 میں 3 ہزار 219 اور ME12 میں 6 ہزار 986 پارکنگ اسپیسز شامل ہیں، جبکہ خصوصی افراد کے لیے مخصوص پارکنگ بھی فراہم کی گئی ہے۔

عام پارکنگ فیس 2 درہم فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، جبکہ ادائیگی “درب” اور “تم” ایپس، ایس ایم ایس سروس اور علاقے میں نصب مشینوں کے ذریعے کی جا سکے گی۔

پارکنگ ریگولیشن کا پہلا مرحلہ 15 دسمبر 2025 کو بغیر فیس کے شروع کیا گیا تھا، جس میں ME9، ME10، ME11 اور ME12 شامل تھے، جبکہ دوسرا مرحلہ 6 اپریل 2026 کو شروع ہوا، جس میں ME10 اور ME11 کے ساتھ بعض رہائشی علاقوں کی مرکزی سڑکوں پر پیڈ پارکنگ متعارف کرائی گئی۔

کیو موبیلیٹی کے مطابق یہ اقدام ایک جامع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد پارکنگ نظام کو مؤثر بنانا، ٹریفک کی روانی بہتر کرنا اور ابوظہبی میں معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔