زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے شمالی تھائی لینڈ کے لیے پہلی براہِ راست کارگو پروازیں شروع

ابوظہبی، 7 مئی 2026 (وام)--ابوظہبی ایئرپورٹس نے تھائی لینڈ کی کارگو ایئرلائن “کے مائل ایئر” کا زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں خیرمقدم کیا ہے، جس نے 4 مئی سے اپنی مال بردار پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔

ایئرلائن بوئنگ 767 فریٹر طیارے کے ذریعے ہفتہ وار پانچ پروازیں چیانگ مائی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مے فاہ لوانگ چیانگ رائے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے چلائے گی۔ ان پروازوں کے آغاز سے ابوظہبی اور شمالی تھائی لینڈ کے درمیان پہلی براہِ راست فضائی کارگو سروس قائم ہو گئی ہے، جبکہ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے عالمی کارگو نیٹ ورک میں روٹس کی تعداد بڑھ کر 36 ہو گئی ہے۔

کے مائل ایئر کی سروسز ایسے وقت میں شروع ہوئی ہیں جب زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارگو سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ 27 اپریل سے 3 مئی تک کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق یومیہ کارگو حجم سال کے آغاز میں 1,878 ٹن سے بڑھ کر 2,216 ٹن تک پہنچ گیا، جو 18 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق فریٹر کارگو کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جہاں یومیہ حجم 389 ٹن سے بڑھ کر 851 ٹن ہو گیا، جو 119 فیصد اضافے کے برابر ہے۔ فریٹر کارگو اب مجموعی کارگو حجم کا 38 فیصد حصہ بن چکا ہے، جبکہ یومیہ فریٹر پروازوں میں بھی 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ابوظبی کے فضائی انفراسٹرکچر کی استعداد اور تیاری کو ظاہر کرتا ہے۔

زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والے کارگو کا یومیہ حجم اوسطاً 612 ٹن رہا، جو 91 فیصد اضافہ ہے، جبکہ ابوظہبی سے روانہ ہونے والے کارگو میں 251 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 239 ٹن یومیہ تک پہنچ گیا۔

وسیع جسم والے کارگو طیاروں کی پروازوں میں بھی تقریباً 55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور اب روزانہ 17 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں تاکہ طویل فاصلے تک بڑی مال بردار کھیپوں کی ترسیل ممکن بنائی جا سکے۔

اس موقع پر ابوظہبی ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد جمعہ الشامسی نے کہا کہ ان کی ٹیمیں ابوظبی کے ذریعے سامان کی ترسیل کو برقرار رکھنے اور زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ و العین انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عالمی رسائی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حالات میں تبدیلی کے باوجود کارگو حجم دوگنا سے زیادہ ہو چکا ہے، جو آپریشنل تیاری اور بڑھتی طلب کو پورا کرنے کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ العین انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی تیزی سے ایک اہم علاقائی لاجسٹک مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، جبکہ ابوظبی ایئرپورٹس عالمی تجارت کے لیے قابلِ اعتماد اور توسیع پذیر مرکز کے طور پر اپنی حیثیت مزید مستحکم کر رہا ہے۔

ابوظہبی ایئرپورٹس کے مطابق اس کے کارگو نیٹ ورک میں مسلسل توسیع جاری ہے اور اب یہ 36 مختلف عالمی مقامات تک خدمات فراہم کر رہا ہے۔ نئے آپریٹرز کی شمولیت اور نیٹ ورک میں وسعت سے ابوظہبی کی عالمی لاجسٹک مرکز کی حیثیت مزید مضبوط ہوئی ہے۔

2026 کی پہلی سہ ماہی کے اعداد و شمار کے مطابق ابوظہبی ایئرپورٹس نیٹ ورک کے ذریعے مجموعی کارگو حجم 4.2 فیصد اضافے کے ساتھ 171,794 ٹن تک پہنچ گیا، جبکہ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خصوصی فریٹر کارگو 11.4 فیصد بڑھ کر 58,128 ٹن ہو گیا۔

العین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارگو سرگرمیوں میں 45.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی عرصے کے دوران آٹھ نئی ایئرلائنز بھی نیٹ ورک میں شامل ہوئیں، جس کے بعد ابوظبی سے 36 ایئرلائنز دنیا کے 127 مقامات کے لیے خدمات فراہم کر رہی ہیں۔