آئی ایم او اجلاس میں یو اے ای کی تجاویز منظور، آبنائے ہرمز میں سمندری ماحول کے تحفظ پر زور

لندن، 11 مئی 2026 (وام)-- متحدہ عرب امارات نے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے تحت لندن میں منعقدہ میرین انوائرمنٹ پروٹیکشن کمیٹی کے 84ویں اجلاس (MEPC 84) میں نمایاں سفارتی اور ماحولیاتی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سمندری ماحول کے تحفظ سے متعلق اپنی متعدد اہم تجاویز منظور کروا لیں ہیں۔

وزارتِ توانائی و انفراسٹرکچر کی نمائندگی میں شریک یو اے ای نے عالمی سطح پر سمندری ماحول کے تحفظ، بحری سلامتی کے فروغ اور پائیدار بحری نقل و حمل کے نظام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اجلاس کے دوران متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کی گئی کئی تجاویز کو رکن ممالک کی وسیع حمایت حاصل ہوئی، جن میں بحیرہ عرب، بحیرہ عمان اور خلیجی خطے، خصوصاً آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف کے سمندری ماحول کے تحفظ سے متعلق قرارداد نمایاں رہی۔

یہ قرارداد خطے میں بحری سلامتی، محفوظ بین الاقوامی بحری آمدورفت اور ماحولیاتی پائیداری کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا اہم حصہ قرار دی جا رہی ہے۔

یو اے ای کی یہ شرکت عالمی سطح پر مشترکہ تعاون کے فروغ اور ایک پائیدار و محفوظ بحری نقل و حمل کے نظام کی تشکیل میں اس کے فعال کردار کی عکاس ہے، جو ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی غیر جانبداری سے متعلق اس کے اسٹریٹجک وژن کے مطابق ہے۔