یو اے ای نے حزب اللہ سے روابط کے الزام میں 21 افراد و ادارے دہشت گرد فہرست میں شامل کیے

ابوظبی، 12 مئی، 2026 (وام) --متحدہ عرب امارات نے لبنان کی تنظیم حزب اللہ سے روابط کے الزام میں 21 افراد اور اداروں کو مقامی دہشت گرد فہرست میں شامل کیا ہے۔

یہ فیصلہ کابینہ کی قرارداد نمبر 63 برائے 2026 کے تحت کیا گیا، جس کے مطابق 16 افراد اور 5 اداروں کو دہشت گردی کی معاونت کرنے والے افراد و تنظیموں کی منظور شدہ مقامی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ یہ اقدام یو اے ای کے متعلقہ قوانین اور ضوابط کے مطابق کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ دہشت گردی کی مالی معاونت خواہ یہ براہِ راست ہو یا بالواسطہ ہو اور اس سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی ملکی اور بین الاقوامی کوششوں کا حصہ ہے۔

قرارداد کے تحت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فہرست میں شامل افراد اور اداروں سے مالی یا تجارتی تعلق رکھنے والوں کی نشاندہی کی جائے اور یو اے ای کے قوانین کے مطابق ضروری اقدامات کیے جائیں، جن میں 24 گھنٹوں سے کم وقت میں اثاثے منجمد کرنا بھی شامل ہے۔

یہ فیصلہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی ہر شکل کے خلاف متحدہ عرب امارات کے مضبوط اور مستقل مؤقف کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت روکنے کے عزم کا بھی اظہار ہے۔ اس اقدام کا مقصد علاقائی اور عالمی امن کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرتے ہوئے سلامتی اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔

متحدہ عرب امارات دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف سکیورٹی اور فکری اقدامات پر مشتمل جامع حکمت عملی کے تحت اپنی کوششیں مزید تیز کر رہا ہے، جبکہ مشتبہ مالی ذرائع کی نگرانی اور غیر قانونی فنڈنگ کے راستے بند کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں تاکہ سرحد پار دہشت گردی کی مالی معاونت کا خاتمہ کیا جا سکے۔

فہرست میں شامل افراد (تمام لبنانی شہری):

1۔ علی محمد کرنیب

2۔ ناصر حسن نصر

3۔ حسن شہادہ عثمان

4۔ سامر حسن فواز

5۔ احمد محمد یزبک

6۔ عیسیٰ حسین قصیر

7۔ ابراہیم علی ظاہر

8۔ عباس حسن غریب

9۔ عماد محمد بازی

10۔ عزت یوسف عکر

11۔ وحید محمود سبیتی

12۔ مصطفیٰ حبیب حرب

13۔ محمد سلیمان بدر

14۔ عادل محمد منصور

15۔ علی احمد کریشت

16۔ نیما احمد جمیل

فہرست میں شامل ادارے (تمام کے ہیڈکوارٹر لبنان میں واقع ہیں):

1۔ بیت المال المسلمین

2۔ القرض الحسن ایسوسی ایشن

3۔ التسهیلات کمپنی

4۔ دی آڈیٹرز فار اکاؤنٹنگ اینڈ آڈٹنگ

5۔ الخبراء فار اکاؤنٹنگ، آڈٹنگ اینڈ اسٹڈیز