شیخ عبداللہ بن زاید اور برطانوی وزیر ڈیوڈ لیمی کے درمیان علاقائی صورتحال اور ایران کے حملوں پر تبادلۂ خیال

لندن، 14 مئی، 2026 (وام) -- نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے برطانیہ کے نائب وزیرِاعظم اور سیکریٹری برائے انصاف ڈیوڈ لیمی سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور متحدہ عرب امارات میں شہری مقامات اور تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے والے ایرانی دہشت گرد حملوں کے اثرات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات شیخ عبداللہ بن زاید کے دورۂ لندن کے موقع پر ہوئی۔

برطانوی نائب وزیرِاعظم ڈیوڈ لیمی نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی دہشت گرد حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جبکہ یو اے ای کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کیلئے براہِ راست خطرہ بھی ہیں۔

اس موقع پر عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید نے برطانیہ کے حمایت پر مبنی مؤقف پر ڈیوڈ لیمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں تمام رہائشی اور زائرین محفوظ ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے ان ایرانی دہشت گرد حملوں کے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی پر مرتب ہونے والے سنگین اثرات، بین الاقوامی بحری جہازرانی، توانائی کی ترسیل اور عالمی معیشت کو درپیش خطرات کا بھی جائزہ لیا۔

عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید نے عالمی تجارتی راستوں اور بحری گزرگاہوں کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں خطے میں پائیدار امن کے قیام اور عوام کی ترقی و اقتصادی خوشحالی کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے عالمی کوششوں کو مؤثر بنانے کی اہمیت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

فریقین نے یو اے ای اور برطانیہ کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات، دوطرفہ تعاون اور انہیں مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی۔

ملاقات میں وزیر مملکت لانا زکی نصیبہ، وزیر مملکت سعید مبارک الہاجری اور برطانیہ میں یو اے ای کے سفیر منصور ابوالہول بھی موجود تھے۔