ابوظہبی، 14 مئی، 2026 (وام) -- ابوظہبی فیوچر انرجی کمپنی 'مصدر' اور عالمی صاف توانائی کمپنی آر ڈبلیو ای نے برطانیہ میں 'ڈوگر بینک ساؤتھ' آف شور ونڈ فارمز منصوبے کیلئے ڈیولپمنٹ کنسنٹ آرڈر کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔
یہ منظوری برطانوی وزیرِ توانائی کی قانونی اتھارٹی کی جانب سے لارڈ وائٹ ہیڈ کے ذریعے دی گئی۔
'ڈوگر بینک ساؤتھ ویسٹ' اور '“ڈوگر بینک ساؤتھ ایسٹ' پر مشتمل مجوزہ منصوبوں کی مجموعی پیداواری صلاحیت 3 گیگا واٹ ہوگی، جو سالانہ تقریباً 30 لاکھ برطانوی گھروں کو بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ آف شور ونڈ فارمز انگلینڈ کے شمال مشرقی ساحل سے 100 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر قائم کیے جائیں گے، جبکہ منصوبے سے یارکشائر، ہمبر اور برطانیہ کے دیگر علاقوں میں کاروباری اور معاشی مواقع پیدا ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
جنوری 2026 میں ان منصوبوں نے برطانوی حکومت کے 'الوکیشن راؤنڈ 7' کے تحت 'کنٹریکٹس فار ڈیفرنس' (CfD) بھی حاصل کیے تھے۔
ڈیولپمنٹ کنسنٹ آرڈر کیلئے درخواست جون 2024 میں جمع کرائی گئی تھی، جس کے تحت پلاننگ انسپکٹوریٹ کو جائزے کیلئے ایک ہزار سے زائد دستاویزات فراہم کی گئیں، جبکہ 10 آن لائن سماعتیں بھی منعقد کی گئیں۔
مصدر اور آر ڈبلیو ای اب منصوبوں کے حتمی ڈیزائن اور خریداری کے مراحل پر کام کریں گے، جبکہ 2027 میں حتمی سرمایہ کاری فیصلہ لینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ منصوبے آر ڈبلیو ای اور مصدر کے مشترکہ اشتراک سے تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں آر ڈبلیو ای کا حصہ 51 فیصد جبکہ مصدر کا 49 فیصد ہے۔