ریاض میں جی سی سی وزرائے داخلہ کا ہنگامی اجلاس، علاقائی سلامتی پر مشاورت

ریاض، 14 مئی، 2026 (وام) -- نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ داخلہ عزت مآب لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان نے ریاض میں منعقدہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے داخلہ کے ہنگامی اجلاس میں متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت کی۔

اجلاس کی صدارت مملکت بحرین نے کی، جبکہ اس میں خلیجی ممالک کے وزرائے داخلہ اور خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے شرکت کی۔

عزت مآب شیخ سیف بن زاید نے کہا کہ اجلاس میں متحدہ عرب امارات کی شرکت اس پختہ قومی مؤقف کی عکاسی کرتی ہے کہ خلیجی ممالک کی سلامتی ناقابلِ تقسیم ہے، اور کسی ایک رکن ملک کو لاحق خطرہ پورے خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات کے تحت یو اے ای قومی سلامتی کے تحفظ، قومی کامیابیوں کے دفاع، داخلی استحکام کے فروغ اور خلیجی ممالک کی سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا مقابلہ کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔

وزیرِ داخلہ نے خلیجی معاشروں کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ایران کی جانب سے تخریبی سرگرمیوں اور معاندانہ اقدامات کی بھی مذمت کی، اور کہا کہ یہ سرگرمیاں بین الاقوامی قوانین اور عالمی اصولوں و اقدار کی صریح خلاف ورزی ہیں۔