فجیرہ، 19 مئی، 2026 (وام) -- اتحاد ریل نے اپنے پہلے مسافر ریلوے اسٹیشن “فجیرہ پیسنجر اسٹیشن” کی تعمیر مکمل کر لی ہے، جبکہ مسافر سروسز کا تدریجی آغاز رواں سال کے آخر میں متوقع ہے۔
51 ہزار 900 مربع میٹر پر محیط یہ اسٹیشن مدینۃ الہلال کے علاقے میں واقع ہے۔
اتحاد ریل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے کمرشل ادھراء المنصوری نے کہا کہ اسٹیشن فجیرہ کے اہم مقامات اور سیاحتی مراکز کے قریب ایک اسٹریٹجک مقام پر قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیشن فجیرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تقریباً 12 منٹ، امبریلا بیچ کارنیش سے 6 منٹ، جبکہ سکمکم قلعے سے صرف 5 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔
ادھراء المنصوری کے مطابق یہ منصوبہ طویل المدتی اقتصادی اثرات مرتب کرے گا اور مسافر ٹرانسپورٹ کے نظام میں مثبت تبدیلی کے ساتھ امارتِ فجیرہ تک رسائی کو مزید بہتر بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فجیرہ کو دبئی اور ابوظہبی سے ملانے والی مسافر ریل سروس مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔
فجیرہ اور ابوظہبی کے درمیان سفر کا دورانیہ 105 منٹ ہوگا، جبکہ ٹرینیں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی اور 400 مسافروں کی گنجائش رکھیں گی۔
ادھراء المنصوری نے بتایا کہ قومی ریلوے نیٹ ورک کی تعمیر میں استعمال ہونے والے 70 فیصد مواد مقامی سطح پر 97 ملکی سپلائرز کے ذریعے فراہم کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں ابوظہبی، دبئی اور فجیرہ کو ملانے والے تین مرکزی روٹس بیک وقت شروع کیے جائیں گے، جبکہ سفری اوقات کار آپریشنل آغاز سے قبل سرکاری ذرائع سے جاری کیے جائیں گے۔
مسافروں کیلئے متعدد جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جن میں ریٹیل آؤٹ لیٹس، وی آئی پی لاؤنج، ہائی اسپیڈ وائی فائی اور ٹرین کے اندر ڈائننگ کوچز شامل ہیں۔
اسٹیشن کو جدید طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں مربوط سہولتیں، رہنمائی کیلئے سائن بورڈز، انتظار گاہیں، مسافر خدمات کا دفتر اور خودکار ادائیگی مشینیں نصب کی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو آسان اور مؤثر سفری تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
یہ سہولتیں صارفین کے اطمینان کو بڑھانے اور متحدہ عرب امارات میں ریل ٹرانسپورٹ کے ایک جدید اور مثالی ماڈل کے قیام کیلئے ترجیحی اقدامات کا حصہ ہیں، جو ملک بھر میں مسافر نقل و حمل کے نظام کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔