دبئی، 24 جون، 2026 (وام) -- ایمریٹس اسکائی کارگو نے مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا میں اپنی کارگو پروازوں کے نیٹ ورک کو وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔ بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر کمپنی نے خطے کے صنعتی مراکز کو مشرق وسطیٰ، افریقہ، یورپ اور امریکہ کی اہم منڈیوں سے بہتر طور پر جوڑنے کے لیے نئی پروازیں اور اضافی فریکوئنسی متعارف کرائی ہیں۔
مالی سال 2025-26 کے دوران ایمریٹس اسکائی کارگو نے مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا کی 12 منڈیوں سے کارگو اور مسافر پروازوں کے ذریعے 4 لاکھ 39 ہزار ٹن سے زائد سامان منتقل کیا، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں تقریباً 5 فیصد زیادہ ہے۔
اس موقع پر ایمریٹس اسکائی کارگو کے ڈویژنل سینئر نائب صدر بدر عباس نے کہا کہ مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا عالمی معیشت کے اہم صنعتی مراکز ہیں، جہاں جدید ٹیکنالوجی، زرعی و تازہ مصنوعات اور ای کامرس کے شعبے تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اضافی کارگو پروازوں کے ذریعے برآمد کنندگان کو اپنی مصنوعات دنیا بھر کی منڈیوں تک تیزی اور محفوظ انداز میں پہنچانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ایمریٹس اسکائی کارگو خطے کے 12 شہروں تک کارگو طیاروں کے ساتھ ساتھ 25 مقامات سے مسافر طیاروں کے ذریعے بھی وسیع کارگو گنجائش فراہم کر رہا ہے۔ ہر ہفتے صارفین کو ایمریٹس کے عالمی نیٹ ورک پر 12 ہزار ٹن سے زائد کارگو گنجائش دستیاب ہوتی ہے۔
توسیعی منصوبے کے تحت جاپان کے ناریتا ہوائی اڈے کے لیے کارگو پروازیں ہفتہ وار ایک سے بڑھا کر دو کر دی گئی ہیں، تاکہ آٹو موبائل، الیکٹرانکس اور ادویہ سازی کی صنعتوں کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
ہانگ کانگ کے لیے ہفتہ وار کارگو پروازوں کی تعداد بڑھا کر 37 کر دی گئی ہے، جبکہ چین کے شہر ژینگ ژو سے ہفتے میں تین کارگو پروازیں چلائی جا رہی ہیں، جو صوبہ ہینان کے صنعتی مرکز کو دبئی اور عالمی منڈیوں سے جوڑتی ہیں۔
سنگاپور سے ممبئی کے راستے دبئی کے لیے ہفتہ وار کارگو سروس دوبارہ شروع کر دی گئی ہے، جس سے ایشیا میں تجارتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ اسی طرح تائی پے کے لیے کارگو پروازیں بھی ہفتہ وار ایک سے بڑھا کر دو کر دی گئی ہیں تاکہ جدید الیکٹرانکس مصنوعات کی بڑھتی ہوئی ترسیل کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
کمپنی نے بتایا کہ بینکاک کے لیے ہفتہ وار کارگو سروس کی مانگ بدستور مضبوط ہے، جہاں سے ٹیکنالوجی مصنوعات، تازہ زرعی اجناس، فیشن مصنوعات اور دیگر اشیائے صرف برآمد کی جاتی ہیں۔ ویتنام کے شہر ہنوئی سے بھی ہفتے میں چار کارگو پروازیں جاری ہیں، جو برآمد کنندگان کو دبئی، مشرق وسطیٰ اور عالمی منڈیوں تک تیز رسائی فراہم کرتی ہیں۔
ایمریٹس اسکائی کارگو اپنے کارگو طیاروں کے علاوہ ایمریٹس کے وسیع الجثہ مسافر طیاروں کی کارگو گنجائش بھی استعمال کرتا ہے، جس کے ذریعے مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا میں ہر ہفتے 320 سے زائد مسافر پروازوں کے ذریعے کارگو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
کمپنی کی خصوصی کارگو سروسز میں قیمتی الیکٹرانکس کی محفوظ ترسیل کے لیے ایمریٹس ولنریبل، تازہ زرعی اجناس کے لیے ایمریٹس فریش، ادویات کی ترسیل کے لیے ایمریٹس فارما اور کلینیکل ٹرائلز اور حیاتیاتی تحقیق سے متعلق مواد کی نقل و حمل کے لیے ایمریٹس وائٹل شامل ہیں۔
ایمریٹس اسکائی کارگو 24 سے 26 جون تک منعقد ہونے والی ایشیا کی سب سے بڑی فضائی کارگو اور لاجسٹکس نمائش ایئر کارگو چائنا 2026 میں بھی شریک ہے، جہاں کمپنی کے نمائندے اسٹینڈ W5.329 پر اپنی کارگو خدمات اور جدید حل سے متعلق معلومات فراہم کر رہے ہیں۔