شیخ حمدان بن محمد نے دبئی ایجوکیشن 33 حکمتِ عملی کے تحت نئے تعلیمی منصوبوں کا جائزہ لیا

دبئی، 30 جون، 2026 (وام) -- دبئی کے ولی عہد، نائب وزیرِاعظم، وزیرِ دفاع اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے امارات ٹاورز میں نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ٹیم سے ملاقات کی، جس میں دبئی ایجوکیشن 33 حکمتِ عملی کے تحت جاری نئے تعلیمی منصوبوں اور ان پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر عزت مآب شیخ حمدان بن محمد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے قیادت کی رہنمائی میں لوگوں پر سرمایہ کاری کو اپنی مستقل حکمتِ عملی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات اور نائب صدر، وزیرِاعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے وژن کے تحت معیاری تعلیم کی فراہمی قومی ترجیحات میں شامل ہے اور انسانی ترقی کو بااختیار بنانے کا بنیادی ستون ہے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی ایسا مربوط تعلیمی نظام تشکیل دے رہا ہے جو متحدہ عرب امارات کی قومی اقدار کی عکاسی کرتا ہے اور ایسی صلاحیتوں کو فروغ دیتا ہے جو قومی کامیابیوں کا تحفظ کرنے کے ساتھ مختلف شعبوں میں شہر کی عالمی مسابقت کو مزید مضبوط بنا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ معیاری تعلیم، مہارتوں اور صلاحیتوں کی ترقی پر توجہ دے کر ایسی نسل تیار کی جا رہی ہے جو تعلیمی لحاظ سے بہترین، اپنی قومی شناخت، زبان اور وطن پر فخر کرنے والی ہو اور عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

عزت مآب شیخ حمدان بن محمد نے دبئی کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے اور اسے عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہاکہ، "ہم چاہتے ہیں کہ دبئی کا ہر طالب علم اپنے وطن کی طرح منفرد ہو، مضبوط اماراتی شناخت، اعلیٰ اقدار اور ان اصولوں کا حامل ہو جو بانیانِ وطن نے ہمیں ورثے میں دیے ہیں۔ ہمارا مقصد ایسی نسل تیار کرنا ہے جو زندگی کی ضروری مہارتوں سے آراستہ ہو، مستقبل کی قیادت کے لیے تیار ہو اور اپنے معاشرے اور وطن کی مثبت انداز میں خدمت کر سکے۔"

اجلاس میں وزیرِ مملکت برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور ریموٹ ورک ایپلی کیشنز عمر سلطان العلماء، دبئی ایگزیکٹو کونسل کے سیکرٹری جنرل عبداللہ محمد البستی اور نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل عائشہ میران بھی موجود تھیں۔

اجلاس کے دوران نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ٹیم نے رواں سال کے اہم منصوبوں کے مقاصد سے آگاہ کیا، جن میں عربی زبان کی تعلیم کو فروغ دینا، طلبہ کی ذہنی و جسمانی فلاح و بہبود بہتر بنانا، اور انہیں زندگی اور مستقبل کے لیے درکار مہارتوں سے آراستہ کرنا شامل ہے۔

یہ منصوبے تعلیم کے تمام مراحل میں طلبہ اور والدین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دبئی ایجوکیشن 33 حکمتِ عملی کے اہداف کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔ اس حکمتِ عملی کا مقصد ابتدائی تعلیم سے لے کر اعلیٰ تعلیم اور عمر بھر سیکھنے کے سفر تک ہر طالب علم کے لیے ذاتی نوعیت کا تعلیمی راستہ فراہم کرنا ہے۔

دبئی ایجوکیشن 33 حکمتِ عملی دبئی کے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت عمر بھر سیکھنے کے تصور کو فروغ دیا جا رہا ہے اور ایسی نسل تیار کی جا رہی ہے جو اپنی قومی شناخت، ثقافت اور ورثے پر فخر کرے، دنیا کے لیے کشادہ ذہن رکھے اور اپنی تعلیمی پیش رفت کو خود اعتماد اور لچک کے ساتھ آگے بڑھا سکے۔