شیخ منصور بن زاید کی زیر صدارت وزارتی کونسل برائے مصنوعی ذہانت و ترقی کا اجلاس، وفاقی حکومت میں ایجنٹک اے آئی کے نفاذ کا جائزہ

ابوظہبی، یکم جولائی، 2026 (وام) -- نائب صدر، نائب وزیراعظم اور چیئرمین صدارتی دیوان عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان کی زیر صدارت قصر الوطن، ابوظہبی میں وزارتی کونسل برائے مصنوعی ذہانت و ترقی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران وفاقی حکومت میں ایجنٹک اے آئی کو اپنانے کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں اس کے نفاذ کے وقت، اہداف، مختلف مراحل اور عملدرآمد کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کونسل نے حکومتی تبدیلی کے پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے پیش کیے گئے منصوبوں پر بھی غور کیا، جن کا مقصد کاروباری سرگرمیوں، کارپوریٹ گورننس، سائبر سکیورٹی اور دیگر حکومتی شعبوں میں جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی حل متعارف کرانا ہے۔

اجلاس میں مختلف قومی شعبوں میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق مطالعات کے نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں لیبر مارکیٹ کی تازہ صورتحال، ضروری اشیائے خورونوش کے اسٹریٹجک ذخائر اور دیگر اہم و اسٹریٹجک امور شامل تھے۔

قانون سازی سے متعلق امور میں کونسل نے رہائشی ویزا نظام، حکومتی خدمات اور وفاقی انسانی وسائل سمیت متعدد شعبوں میں مجوزہ ضوابط اور قانونی ترامیم پر غور کیا۔

اجلاس میں وفاقی قومی کونسل کی جانب سے نجی شعبے میں ایمریٹائزیشن اور صحت انشورنس سے متعلق پیش کی گئی سفارشات اور تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس کے علاوہ کونسل نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلبہ کے داخلوں، وظائف اور تعلیمی گرانٹس، ٹریفک کے بہاؤ اور سڑکوں کی حفاظت، شماریاتی شعبے اور اوپن ڈیٹا کے نظم و نسق، ملک کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے، اور خاندان کے تحفظ و استحکام سے متعلق وفاقی قومی کونسل کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔