دوحہ، 14 جولائی، 2026 (وام) -- نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدارتی دیوان کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں واقع لوسیل پیلس میں تعزیتی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے قطر کے امیر، آل ثانی خاندان اور برادر عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔
اس موقع پر نیشنل اینٹی نارکوٹکس ایجنسی کے چیئرمین شیخ زاید بن حمد بن حمدان النہیان، وزیر صحت و انسداد امراض احمد بن علی الصائغ اور متعدد سینئر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس سے قبل عزت مآب شیخ منصور بن زاید اور ان کے ہمراہ وفد دوحہ پہنچا، جہاں ہوائی اڈے پر قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی آل ثانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔