عمار بن حمید کا منامہ میوزیم کے ترقیاتی منصوبے کا معائنہ

عمار بن حمید کا منامہ میوزیم کے ترقیاتی منصوبے کا معائنہ

عجمان، 3 اگست 2026 (وام)۔۔ عجمان کے ولی عہد اور عجمان ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ عمار بن حمید النعیمی نے شہر کے سیاحتی، ثقافتی اور تاریخی ورثے کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منامہ میوزیم کے ترقیاتی منصوبے کا معائنہ کیا۔

دورے کے دوران عزت مآب شیخ عمار بن حمید نے تاریخی قلعے کی بحالی اور تیاری کے مختلف مراحل میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ بیسویں صدی کا یہ قلعہ شیخ حمید بن عبدالعزیز النعیمی کے دورِ حکمرانی میں 1910 سے 1928 کے درمیان تعمیر کیا گیا تھا۔

عزت مآب شیخ عمار نے منصوبے کی ٹیم کو ہدایت کی کہ کام کی کامیاب تکمیل کے لیے مقررہ معیار پر سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ثقافتی مقام عجمان کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور امارت کے بانی آبا و اجداد کی میراث کو محفوظ کرنے کے عزم کا عکاس ہے اور اس سے عجمان کی ثقافتی و تہذیبی حیثیت مزید مضبوط ہوگی۔

انہیں منصوبے کے مجموعی تصور سے آگاہ کیا گیا، جس کے تحت قلعے کی اصل خصوصیات، نگرانی کے برج اور قدیم کنویں کو محفوظ رکھا جائے گا۔ قلعے کے اطراف کھجور کے درخت موجود ہیں، جنہیں ماضی میں آبپاشی کے قدیم ترین روایتی طریقوں میں شامل فلج نظام کے ذریعے سیراب کیا جاتا تھا۔ اس نظام کے تحت پہاڑوں سے زیرِزمین پانی ملحقہ زرعی زمینوں تک پہنچایا جاتا تھا۔

عزت مآب شیخ عمار نے میوزیم میں زائرین کے لیے ترتیب دیے گئے تجربے کی تفصیلات کا بھی جائزہ لیا۔ یہ تجربہ 13 کمروں اور ایک مرکزی صحن ’’اللیوان‘‘ پر مشتمل ہے اور زائرین کو وقت کے سفر پر لے جاتا ہے۔

اس سفر کا آغاز 'منامہ کی کہانی' کے کمرے سے ہوتا ہے، جس کے بعد 'اہل منامہ'، 'منامہ کی فصلیں' اور 'زراعت' کے کمرے آتے ہیں۔ میوزیم میں شیخ راشد بن حمید النعیمی اور سپریم کونسل کے رکن و حاکم عجمان عزت مآب شیخ حمید بن راشد النعیمی کے لیے مخصوص کمروں کے علاوہ 'منامہ کا ماحول'، 'عجمان کے ڈاک ٹکٹ اور کرنسی'، 'روایتی کھیل'، 'منامہ کا ورثہ'، 'قدیم طرزِ تعمیر' اور 'ساحل عمان فورس' کے کمرے بھی شامل ہیں۔ یہ سفر قدیم کنویں کے حامل مرکزی صحن میں اختتام پذیر ہوتا ہے۔

معائنے کے دوران محکمہ سیاحت، ثقافت اور میڈیا کے چیئرمین شیخ عبدالعزیز بن حمید النعیمی اور محکمے کے ڈائریکٹر جنرل محمود خلیل الہاشمی بھی ولی عہد عجمان کے ہمراہ تھے۔