ہلال احمر امارات کی 2026-2029 حکمت عملی کا آغاز، امدادی تیاری اور پائیدار انسانی اثرات پر توجہ

ہلال احمر امارات کی 2026-2029 حکمت عملی کا آغاز، امدادی تیاری اور پائیدار انسانی اثرات پر توجہ

ابوظہبی، یکم ستمبر 2026 (وام) -- ہلال احمر امارات نے اپنی 2026-2029 حکمت عملی کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانا، انسانی ہمدردی کے شعبے میں تیزی سے بدلتے حالات اور بڑھتے چیلنجز سے ہم آہنگ ہونا اور ہنگامی حالات میں پیشگی تیاری اور فوری ردعمل کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

نئی حکمت عملی کارکردگی، انسانی اور سماجی اثرات اور پروگراموں کی پائیداری بڑھانے پر مرکوز ہے اور اس کی بنیاد انسانیت، پائیداری، جدت اور شفافیت کی چار بنیادی اقدار پر رکھی گئی ہے۔

حکمت عملی کے چار مرکزی ستونوں میں مالی پائیداری، سماجی اور رضاکارانہ اثرات کا تسلسل، امدادی کارروائیوں کی مؤثر انجام دہی اور ادارہ جاتی معاون خدمات کی بہتری شامل ہیں۔

مالی پائیداری کے تحت مارکیٹنگ سرگرمیوں کی کارکردگی، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور متعلقہ فریقوں کے تجربے میں بہتری پر توجہ دی جائے گی۔ سماجی اور رضاکارانہ شعبے میں انسانی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنے، معاشرتی شمولیت بڑھانے اور رضاکاروں کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جائے گا۔

امدادی کارروائیوں کے شعبے میں انسانی ہمدردی کی اپیلوں پر تیز اور مؤثر ردعمل، منصوبوں کے بہتر انتظام اور مربوط و معیاری خدمات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ ادارہ جاتی خدمات کے تحت انتظامی معاونت کے تسلسل اور معاون شعبوں کی کارکردگی بہتر بنائی جائے گی۔

ہلال احمر امارات کے سیکریٹری جنرل احمد ساری المزروعی نے حکمت عملی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چار سالہ منصوبہ ادارے کے انسانی ہمدردی اور ادارہ جاتی سفر میں ایک نئے مرحلے کی نمائندگی کرتا ہے اور آئندہ برسوں کے لیے ایسی سمت متعین کرتا ہے جس سے اس کے پروگراموں اور خدمات کے اثرات کو مزید وسعت دی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ نئی حکمت عملی کے مؤثر نفاذ کے لیے پالیسی اور گورننس، جدید ڈیجیٹل و تکنیکی حل، شراکت داریوں اور انسانی وسائل کو بنیادی اہمیت حاصل ہوگی، خصوصاً ایسے حالات میں جب ہنگامی بحرانوں میں فوری کارروائی اور مختلف خطوں سے آنے والی امدادی اپیلوں پر بروقت ردعمل ضروری ہے۔

المزروعی کے مطابق حکمت عملی متحدہ عرب امارات کے انسانی ہمدردی کے دیرینہ قومی وژن سے رہنمائی حاصل کرتی ہے اور اس کا مقصد ہلال احمر امارات کی ایک نمایاں امدادی ادارے کی حیثیت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں جدت، کارکردگی، پائیداری اور پروگراموں کے اثرات کی پیمائش کو خصوصی اہمیت دی جائے گی، جبکہ ادارے کے تجربے، شراکت داریوں، ملازمین، رضاکاروں اور عطیہ دہندگان کے اعتماد سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

احمد ساری المزروعی نے کہاکہ، "ہماری 2026-2029 حکمت عملی محض ایک عملی منصوبہ نہیں بلکہ ہلال احمر امارات کی تیاری کو بہتر بنانے، اس کے اقدامات کو مضبوط کرنے اور آئندہ مرحلے میں انسانی ہمدردی کے مشن کا تسلسل یقینی بنانے کے لیے ایک جامع راہِ عمل ہے۔"

انہوں نے کہا کہ ادارہ جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی حل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے اندر اور بیرون ملک اپنے پروگراموں کے معیار اور اثر پذیری میں نمایاں بہتری لانے کے لیے کام کرے گا، تاکہ زیادہ مؤثر اور پائیدار انسانی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔