گلوبل فوڈ ویک 2026 کے پہلے روز غذائی تحفظ، پائیداری اور زرعی جدت پر توجہ

گلوبل فوڈ ویک 2026 کے پہلے روز غذائی تحفظ، پائیداری اور زرعی جدت پر توجہ

ابوظہبی، 6 اکتوبر، 2026 (وام) -- گلوبل فوڈ ویک 2026 کے پہلے روز پائیدار غذائی نظام، عالمی غذائی تحفظ اور زرعی و غذائی شعبے میں جدت سے متعلق تعلیمی سیشنز، وزارتی مباحثے اور اہم خطابات منعقد ہوئے، جبکہ مختلف اداروں کے درمیان متعدد تجارتی اور تعاون کے معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

ایڈنیک گروپ کے زیر اہتمام اور ابوظبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی اڈافسا کے اسٹریٹجک تعاون سے منعقد ہونے والا یہ ایونٹ 8 اکتوبر تک ایڈنیک سینٹر ابوظہبی میں جاری رہے گا، جس میں خوراک اور مشروبات کی صنعت سے وابستہ ادارے، ماہرین، سرمایہ کار اور پالیسی ساز شریک ہیں۔

پہلے روز سرکاری اداروں، صنعتی کمپنیوں اور بین الاقوامی تنظیموں نے تقسیم، مینوفیکچرنگ اور سپلائی چین مضبوط بنانے سے متعلق متعدد معاہدے کیے، جن کا مقصد خوراک کی ویلیو چین میں تجارت، جدت اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔

اسی موقع پر گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ کے دوسرے ایڈیشن کا بھی افتتاح ہوا۔ دو روزہ سمٹ 'سب کے لیے غذائی تحفظ، عالمی تعاون کے ذریعے' کے موضوع کے تحت منعقد ہو رہا ہے، جس میں مضبوط، جامع اور پائیدار غذائی نظام کی تشکیل کے لیے درکار پالیسیوں، شراکت داریوں اور سرمایہ کاری پر غور کیا جا رہا ہے۔

گلوبل فوڈ ویک کے تحت ابوظہبی ڈیٹ پام ایگزیبیشن کا 12واں ایڈیشن بھی جاری ہے، جہاں کھجور کی صنعت سے وابستہ پروڈیوسرز، سپلائرز، خریدار اور کاروباری رہنما نئی مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں۔

زرعی ٹیکنالوجی اور کسانوں کے شعبے میں ایگری ٹیک فورم کے سیشنز میں نئی زرعی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری، تحقیقاتی اداروں اور مارکیٹ کے درمیان رابطہ مضبوط بنانے اور سائنسی تحقیق کو قابلِ عمل تجارتی منصوبوں میں تبدیل کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایونٹ کے آئندہ دنوں میں نمائشوں، کانفرنسوں، کاروباری ملاقاتوں اور نیٹ ورکنگ سرگرمیوں کے ذریعے مزید شراکت داریوں اور سرمایہ کاری کے مواقع سامنے آنے کی توقع ہے، جس سے غذائی تحفظ اور زرعی جدت کے عالمی مرکز کے طور پر ابوظہبی کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔