ابوظہبی، 7 اکتوبر، 2026 (وام) -- ازبکستان کے وزیر سرمایہ کاری، صنعت و تجارت لازیز قدرتوف نے کہا ہے کہ ان کا ملک متحدہ عرب امارات کے ساتھ ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی تیاری پر کام کر رہا ہے، جس سے جنوبی ایشیا کو یوریشیا سے جوڑنے اور بھارت سے یورپ تک سامان کی ترسیل روایتی راستے کے مقابلے میں تقریباً دو ہفتے تیز کرنے کا موقع ملے گا۔
ابوظہبی میں انویسٹوپیا برج 2026 کے پینل مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ازبکستان امارات اور فرانس سمیت اپنے شراکت داروں کے ساتھ تجارتی راستوں اور ٹرانسپورٹ راہداریوں کو متنوع بنانے کے لیے مختلف منصوبوں اور اقدامات پر کام کر رہا ہے اور انہیں ان کوششوں کی کامیابی پر اعتماد ہے۔
اسی حکمت عملی کے تحت ازبکستان نے تقریباً ڈیڑھ سال قبل چین، ازبکستان اور خلیج تعاون کونسل جی سی سی کے ممالک کو ملانے والے ایک بڑے ریلوے منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کیا تھا۔ لازیز قدرتوف کے مطابق یہ منصوبہ مشرق سے مغرب تک سامان کی ترسیل کا وقت کم از کم 10 دن کم کرے گا، جبکہ موجودہ راستہ تقریباً 900 کلومیٹر مختصر ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران ازبکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، جس کی اہم وجوہات ملک کا استحکام اور معیشت کی مضبوطی و تنوع ہیں۔
ان کے مطابق ازبکستان کی اوسط مجموعی ملکی پیداوار 7 فیصد سے زائد کی شرح سے بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ سال اقتصادی شرح نمو 7.7 فیصد رہی، جبکہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں یہ 8.5 فیصد تک پہنچ گئی۔ گزشتہ نو برسوں میں ملک کی جی ڈی پی دوگنی ہوچکی ہے اور ازبکستان کا ہدف 2030 تک اسے دوبارہ دوگنا کرنا ہے۔
لازیز قدرتوف نے کہا کہ ازبکستان اپنے شراکت داروں کے ساتھ نئے تجارتی اور ٹرانسپورٹ راستوں کی ترقی جاری رکھے گا، جس کا مقصد اشیا کی نقل و حرکت کے لیے متبادل راہداریوں کو فروغ دینا اور مختلف منڈیوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔