دبئی، 13 اکتوبر، 2026 (وام) -- دبئی میری ٹائم سٹی، ڈی ایم سی نے 2026 کے پہلے نو ماہ کے دوران 18 نئے لیز معاہدوں پر دستخط کیے، جو 5 لاکھ 72 ہزار مربع فٹ سے زائد صنعتی اور تجارتی جگہ پر مشتمل ہیں۔ اس عرصے میں لیز سے حاصل ہونے والی آمدنی گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6 گنا بڑھ گئی۔
ڈی ایم سی کے مطابق جہازوں کی مرمت اور میرین مینوفیکچرنگ سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ کاروباری اداروں کو ایک سالہ قابل تجدید لیز یا 25 سالہ مساطحہ معاہدے کے تحت جگہ فراہم کی جاتی ہے، جس میں کمپنیاں اپنی جہاز مرمت یا جہاز سازی کی ورکشاپ قائم کر سکتی ہیں۔
رواں سال تیار شدہ یونٹس حاصل کرنے والی کمپنیاں آپریشنل ہوچکی ہیں، جبکہ مساطحہ معاہدوں کے تحت حاصل کیے گئے پلاٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے۔
نئے لیز معاہدے دبئی کو علاقائی اور عالمی منڈیوں کے لیے طویل مدتی کاروباری مرکز کے طور پر حاصل اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ 72 فیصد معاہدوں پر فروری کے بعد دستخط کیے گئے۔
دبئی میری ٹائم سٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر احمد الحمادی نے کہا کہ کمپنیاں یہاں اپنی سہولیات قائم کرنے، طویل مدتی سرمایہ کاری اور آلات و انفراسٹرکچر پر اخراجات کے لیے تیار ہیں، جو دبئی کی کاروباری استحکام فراہم کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کے مطابق اس سے جہاز مالکان اور آپریٹرز کو مرمت کی زیادہ گنجائش، کم ٹرن اراؤنڈ ٹائم اور ایک ہی مقام پر زیادہ خدمات دستیاب ہو رہی ہیں۔
ڈی این وی اور مینن اکنامکس کی لیڈنگ میری ٹائم سٹیز رپورٹ کے مطابق دبئی عرب دنیا میں پہلے اور عالمی سطح پر 11ویں نمبر پر ہے۔
اس سے قبل رواں سال ڈی ایم سی نے 16 کروڑ درہم کی لاگت سے اپنا دوسرا میری ٹائم بزنس سینٹر بھی شروع کیا، جو ایک پریمیم کمرشل ٹاور ہے اور دبئی کے میری ٹائم و تجارتی شعبے میں گریڈ اے آفس اسپیس کی گنجائش بڑھاتا ہے۔