امارات کا 50 فیصد فصلیں مقامی طور پر پیدا کرنے کا ہدف، شارجہ میں 93 فیصد کچرا لینڈ فل سے منتقل

امارات کا 50 فیصد فصلیں مقامی طور پر پیدا کرنے کا ہدف، شارجہ میں 93 فیصد کچرا لینڈ فل سے منتقل

شارجہ، 15 اکتوبر، 2026 (وام) -- شارجہ انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دوران حکومتی عہدیداروں اور کاروباری رہنماؤں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات ملک میں استعمال ہونے والی 50 فیصد فصلیں مقامی طور پر پیدا کرنے کا ہدف رکھتا ہے، جبکہ شارجہ 93 فیصد کچرا لینڈ فلز میں جانے سے روکنے میں کامیاب ہوا ہے۔

'گروئنگ اے سسٹین ایبل فیوچر' کے عنوان سے منعقدہ سیشن میں زرعی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور وسائل کے مؤثر انتظام میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن کے ذریعے غذائی تحفظ اور پائیداری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

شارجہ ایف ڈی آئی آفس, انویسٹ اِن شارجہ اور امارات کی وزارت سرمایہ کاری کے تعاون سے منعقدہ فورم کے نویں ایڈیشن کے اس سیشن میں وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات کے انڈر سیکریٹری محمد سعید النعیمی، بیئہ گروپ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر اور وائس چیئرمین خالد الحریمل اور تثمیر ایگری ٹیک سینٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیث ابراہیم دوائری نے شرکت کی۔

محمد سعید النعیمی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نجی شعبے کے تعاون سے قومی غذائی تحفظ حکمت عملی 2051 کو اپ ڈیٹ کر رہا ہے، جس کے تحت ملک کی نصف فصلوں کی مقامی پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق انڈور فارمنگ اور ہائیڈروپونکس سمیت اسمارٹ فارمنگ نظام اس ہدف کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جبکہ روایتی زراعت سے پیدا ہونے والے اخراج میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے زرعی ٹیکنالوجی کو آئندہ دہائی کے لیے سرمایہ کاری کا ایک امید افزا شعبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امارات اس میدان میں علاقائی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

خالد الحریمل کے مطابق بیئہ گروپ کے کچرے کی بازیافت، ری سائیکلنگ اور توانائی میں تبدیلی کے مربوط نظام نے شارجہ کو 93 فیصد کچرا لینڈ فلز سے ہٹانے میں مدد دی ہے، جو ان کے مطابق مشرق وسطیٰ میں سب سے بلند شرح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گروپ کا ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ اس وقت 30 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے اور اس کی صلاحیت دوگنا کرنے کا منصوبہ ہے، تاکہ گروپ کے رئیل اسٹیٹ شعبے کی جانب سے تیار کی جانے والی نئی کمیونٹی کی مکمل بجلی کی ضرورت پوری کی جا سکے۔

الحریمل کے مطابق مصنوعی ذہانت بھی اس شعبے میں اہم مواقع فراہم کرتی ہے، جن میں کچرے کی درجہ بندی، شہری صفائی کی نگرانی اور مختلف حل آزمانے کے لیے ڈیجیٹل ٹوئنز کا استعمال شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیئہ گروپ سعودی عرب اور مصر تک توسیع کر چکا ہے اور مزید مارکیٹوں سے متعلق اعلانات متوقع ہیں۔

لیث ابراہیم دوائری نے کہا کہ تثمیر زرعی کراؤڈ فنڈنگ کے لیے سکیورٹیز اینڈ کموڈیٹیز اتھارٹی کی منظوری حاصل کرنے والا پہلا پلیٹ فارم ہے۔ شارجہ میں قائم اس کا ٹیکنالوجی مرکز زرعی ٹیکنالوجیز کی جانچ اور توثیق کے بعد کسانوں کو مناسب حل اور سپلائی چینز سے جوڑتا ہے۔

انہوں نے خطے کے ماحول اور ثقافتی ضروریات کے مطابق ٹیکنالوجیز تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غذائی تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں اور زرعی ٹیکنالوجی کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔

دو روزہ شارجہ انویسٹمنٹ فورم 'بلڈنگ اڈاپٹو اکانومیز' کے موضوع کے تحت الجواہر ریسیپشن اینڈ کنونشن سینٹر میں جاری ہے، جس میں 80 سے زائد مقررین اور 140 سے زیادہ سرگرمیاں شامل ہیں، جبکہ سرمایہ کاروں، کمپنیوں اور فیصلہ سازوں کو جوڑنے کے لیے 80 براہ راست کاروباری ملاقاتیں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔