ابوظہبی میں عربین چیٹ بوٹ اینڈ ایجنٹک اے آئی سمٹ کا آغاز

ابوظہبی میں عربین چیٹ بوٹ اینڈ ایجنٹک اے آئی سمٹ کا آغاز

ابوظہبی، 26 اکتوبر، 2026 (وام) -- عربین چیٹ بوٹ اینڈ ایجنٹک اے آئی سمٹ کے مشرق وسطیٰ میں پہلے ایڈیشن کا پیر کو ایڈنیک سینٹر ابوظہبی میں آغاز ہوا، جس میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین، سرکاری نمائندے اور مختلف صنعتوں سے وابستہ پیشہ ور افراد شرکت کر رہے ہیں۔

سمٹ میں مصنوعی ذہانت کی جدید ایپلی کیشنز اور خدمات و آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے میں ان کے کردار پر توجہ دی جا رہی ہے۔ خصوصی طور پر ایسے ایجنٹک اے آئی سسٹمز زیر بحث ہیں جو کئی مراحل پر مشتمل کام خود انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ جنریٹو اے آئی، چیٹ بوٹس اور وائس ٹیکنالوجیز کے کام کی جگہوں، ڈیجیٹل خدمات اور صارفین کے تجربے پر اثرات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مباحثوں میں مصنوعی ذہانت کی گورننس، ڈیٹا کی خودمختاری، سائبر سکیورٹی، اخلاقی پہلو اور ریگولیٹری تقاضوں کے ساتھ مختلف اقتصادی شعبوں میں اے آئی کے عملی استعمال کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

شرکاء نے مصنوعی ذہانت کو تجرباتی مرحلے سے بڑے پیمانے پر عملی استعمال تک منتقل کرنے اور اس ضمن میں نظاموں کے باہمی انضمام، قابل اعتماد کارکردگی، سکیورٹی اور انسانی نگرانی سے متعلق چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ابوظہبی یونیورسٹی کے دبئی کیمپس کے ڈائریکٹر اور ڈیجیٹل بزنس کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر انس نجدوی نے مقامی ٹیکنالوجیز کی تیاری، قومی مہارتوں کے فروغ اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے ذریعے ڈیجیٹل خودمختاری مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ایمریٹس نیوز ایجنسی، وام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ایسی پالیسیوں اور حکمت عملیوں کے ذریعے ڈیجیٹل خودمختاری اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے جنہوں نے اس کی علاقائی اور عالمی حیثیت کو مضبوط کیا ہے۔ اس میں عربی زبان اور ثقافت کو سمجھنے والے مقامی اے آئی ماڈلز کی تیاری بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امارات کا نقطہ نظر صرف ٹیکنالوجی کے حصول تک محدود نہیں بلکہ مقامی صلاحیتوں اور تکنیکی حل کی تیاری پر بھی مرکوز ہے۔ ایجنٹک اے آئی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی کنٹرول برقرار رکھنا، ڈیجیٹل خودمختاری کا تحفظ اور نئے سائبر خطرات سے نمٹنا اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔

ڈاکٹر نجدوی نے بتایا کہ ابوظہبی یونیورسٹی اپنے ابوظہبی، دبئی اور العین کیمپسز میں بیچلرز، ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ پروگراموں کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی تعلیم اور تحقیق کو فروغ دے رہی ہے، جبکہ قومی ضروریات سے ہم آہنگ سائنسی تحقیق اور پیٹنٹس کی حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال اب انجینئرنگ تک محدود نہیں رہا بلکہ تعلیم، میڈیا، انتظامیہ اور کاروبار تک پھیل چکا ہے، جس کے لیے ایسی قومی صلاحیتوں کی تیاری ضروری ہے جو ٹیکنالوجی کو صرف استعمال کرنے کے بجائے مقامی سطح پر اسے تیار بھی کرسکیں۔

کلکی لنک کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل الظاہری نے مصنوعی ذہانت کو قائدانہ طریقہ کار، کاروباری کارکردگی، پیداواری صلاحیت اور معلومات کے تحفظ کو بہتر بنانے میں اہم قرار دیا۔

وام سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یہ سمٹ مشرق وسطیٰ میں تیار ہونے والی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز اور مصنوعات پر تبادلہ خیال کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ برطانیہ سے متحدہ عرب امارات تک سمٹ کی توسیع خلیجی خطے میں اس شعبے کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتی ہے اور دنیا بھر کے ماہرین کو یکجا کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2015 میں قائم ہونے والا کلکی لنک اب 4 پلیٹ فارمز پر مشتمل اماراتی سوشل میڈیا نظام میں تبدیل ہوچکا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والا ٹریڈنگ پلیٹ فارم، کسٹمر سروس اور کاروباری ترقی کے لیے کلکی سروسز اور کلکی براؤزر شامل ہیں۔

کمپنی کا مقصد سوشل نیٹ ورکنگ، کاروباری ٹولز، بلاگنگ اور پراجیکٹ مینجمنٹ کو ایک ہی ڈیجیٹل ماحول میں یکجا کرکے صارفین کے لیے ذاتی اور پیشہ ورانہ خدمات تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔