ابوظہبی، 3 نومبر، 2026 (وام) -- مانسمان انرجی نے ادنوک کے تعاون سے النوف، الرمیثہ اور الشنایل میں واقع این ای بی سی پی پی کی موجودہ تنصیبات کو جدید بنانے اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے نئے منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس پر عملدرآمد کے لیے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
کمپنی نے متحدہ عرب امارات میں تیل و گیس کے شعبے کے لیے ہائی پریشر ہوزز تیار کرنے والی بین الاقوامی کمپنی جنگبو اور تیل و گیس کی صنعت اور آف شور نظاموں کے لیے پائپنگ مصنوعات فراہم کرنے والے عالمی ادارے پیٹروٹیکس گروپ کی خصوصی ایجنسی اور نمائندگی حاصل کرنے کے لیے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔
مانسمان انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر انس الجعیدی نے اڈیپیک 2026 کے موقع پر امارات نیوز ایجنسی (وام) کو بتایا کہ ادنوک کے ساتھ نئے منصوبے کا مقصد مطلوبہ پیداواری صلاحیت کا حصول، موجودہ تنصیبات کی مضبوطی اور آپریشنل کارکردگی میں اضافہ، کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا اور ادنوک کے اسٹریٹجک اہداف کے مطابق صنعتی اثاثوں کی طویل مدتی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں جدید صنعتی مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی۔ ان میں جنگبو کی ہائی پریشر ہوزز شامل ہیں، جو کھدائی کے دوران تیل و گیس کے کنوؤں میں دباؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ ان مصنوعات میں بلو آؤٹ پریونٹر اور چوک اینڈ کل ہوزز بھی شامل ہیں۔
اسی طرح پیٹروٹیکس گروپ کی مصنوعات میں تیل و گیس کے کنوؤں کے لیے اعلیٰ معیار کے کیسنگ پائپ، پروڈکشن ٹیوبنگ، خصوصی پائپ کنکشنز، کنڈکٹر پائپس اور سمندر و خشکی میں واقع کنوؤں کے لیے آف شور رائزر سسٹمز شامل ہیں۔
مجوزہ مفاہمتی یادداشتوں کے تحت مانسمان انرجی متحدہ عرب امارات میں دونوں کمپنیوں کی خصوصی ایجنٹ اور نمائندہ ہوگی اور کاروباری مواقع، صارفین سے رابطوں اور معاہدوں کے معاملات سنبھالنے کے ساتھ ان کی مصنوعات کی مقامی مارکیٹ میں فراہمی اور فروخت میں سہولت فراہم کرے گی۔
انجینئر انس الجعیدی نے بتایا کہ مانسمان انرجی کی بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ 20 سے زائد تکنیکی شراکت داریاں قائم ہیں۔ ان میں قابل تجدید اور صاف توانائی کے شعبے میں بوش کے ساتھ مفاہمتی یادداشت، ہائیڈروجن کی پیداوار کے لیے الکلائن الیکٹرولائزرز کی تیاری میں شوانگ لیانگ کے ساتھ تعاون اور تیل و گیس کے شعبے میں استعمال ہونے والے آلات سے متعلق سوجو ڈوسن کے ساتھ خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری شامل ہیں۔
کمپنی کے منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مانسمان انرجی ادنوک گروپ کی مختلف کمپنیوں کے لیے متعدد اہم منصوبوں پر کام کر چکی ہے، جن میں بنیادی سہولیات سے متعلق 10 منصوبے اور ادنوک گیس پروسیسنگ کے لیے پائپ لائنوں میں رساؤ کا پتہ لگانے کا مرکزی نظام شامل ہے۔ یہ نظام مجموعی طور پر تقریباً 3 ہزار کلومیٹر طویل 26 پائپ لائنوں کا احاطہ کرتا ہے۔
دیگر اہم منصوبوں میں مصدر سٹی میں خطے کا پہلا تیز رفتار ہائیڈروجن گاڑی ری فیولنگ اسٹیشن، الحصن سلفر پائپ لائن منصوبہ اور ادنوک آن شور کے عصب آئل فیلڈ میں گیس انجیکشن کی مرکزی پائپ لائن کی منتقلی کا منصوبہ شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مانسمان انرجی مکمل طور پر اماراتی ملکیت کی حامل ایک آزاد کمپنی ہے، جو تیل و گیس، پائیداری اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں انجینئرنگ، خریداری، تعمیرات اور جدید ٹیکنالوجیز کے انضمام میں مہارت رکھتی ہے۔
کمپنی کی انجینئرنگ خدمات میں مشاورتی مطالعات، ویلیو انجینئرنگ، ابتدائی انجینئرنگ ڈیزائن، منصوبوں پر عملدرآمد، تنصیبات کو فعال بنانا اور فروخت کے بعد کی خدمات شامل ہیں۔
انجینئر انس الجعیدی کے مطابق اڈیپیک 2026 میں کمپنی کی شرکت ادنوک کے ساتھ اس کی اسٹریٹجک شراکت داری کے 10 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہو رہی ہے۔ اس شراکت داری کا آغآز 2016 میں ہوا اور اس دوران کمپنی نے پائپ لائنوں کی تعمیر اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق کئی بڑے منصوبے مکمل کیے اور اہم مصنوعات فراہم کیں۔ گزشتہ دہائی کے دوران ادنوک کی جانب سے کمپنی کو دیے گئے منصوبوں کی مجموعی مالیت تقریباً ایک ارب درہم رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مانسمان انرجی اڈیپیک کے دوران ایک گول میز مباحثے کا بھی اہتمام کر رہی ہے، جس میں ادنوک اور ٹھیکیدار کمپنیوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری اور منصوبوں پر عملدرآمد میں تعاون کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس حوالے سے انہوں نے ادنوک کے منصوبوں کے انتظامی طریقہ کار، ٹھیکیداروں کے ساتھ لچکدار رویے اور آپریشنل ضروریات کے مطابق ممکنہ تبدیلیوں پر بات چیت کے لیے آمادگی کو سراہا۔
انجینئر انس الجعیدی نے مزید کہا کہ نمائش کے دوران ادنوک اور توانائی کے شعبے کی دیگر کمپنیوں کے ساتھ ملاقاتوں میں این ای بی سی پی پی منصوبے پر عملدرآمد کے مراحل، موجودہ تنصیبات کو جدید بنانے اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے مواقع پر توجہ دی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی صنعتی اداروں اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات میں جدید ٹیکنالوجی کی متحدہ عرب امارات منتقلی، مقامی سطح پر اس کے استعمال اور پیداوار کو فروغ دینے کے ساتھ نمائندگی کے نئے معاہدوں پر بھی بات چیت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی مقامی سپلائی چین کو مضبوط بنانے اور نئے سپلائرز کی رجسٹریشن کے لیے مختلف اداروں سے ملاقاتیں کر رہی ہے، جبکہ کاروباری سرگرمیوں میں توسیع کے لیے انجینئرز اور منصوبوں کی قیادت کرنے والے ماہرین کی بھرتی کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔