دبئی کلچر الشندغہ ایام جشن کی میزبانی کرے گی

دبئی، 02 جنوری، 2020 (وام) ۔۔ دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنوری 2020 میں الشندغہ ایام کے پہلے سیزن کی میزبانی کرے گی۔ یہ ثقافتی اور تفریحی تہوار دبئی شاپنگ فیسٹیول کے 25 ویں ایڈیشن کے موقع پر ہورہا ہے اور اس کا مقصد سیاحوں کو دبئی کی قدیم تاریخ اور بھرپور روایتی ورثے سے روشناس کرانا ہے۔ اس پروگرام کامقصدالشندغہ کو عالمی ثقافتی تقاریب کے صف میں شامل کرنا ہے۔ 9 جنوری کو شروع ہونے والا یہ اماراتی ثقافت کا جشن 10 دن تک جاری رہے گا۔ یہ جشن الشندغہ محلے میں منایا جائے گا جسکی حالیہ دنوں تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ اس میں الشندغہ میوزیم، پرفیوم ہاؤس، تاریخی دستاویزات کا مرکز، ساروق الحدید آثار قدیمہ میوزیم اور پرانے دبئی کا واٹر فرنٹ ایریا شامل ہیں۔ دبئی کلچر محکمہ سیاحت اور کامرس مارکیٹنگ کے تعاون سے ایونٹ کا انعقاد کررہی ہے جبکہ کریم بھی اس میں معاونت کررہا ہے۔ تقریب کی ثقافتی اور تاریخی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے دبئی کلچر کی ڈائریکٹر جنرل ہالہ بدری نے کہا کہ الشندغہ ایام سیاحوں کو ہمارے ورثے سے روشناس کرانے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔یہ تہوار مقامی ثقافت اور ورثے پر ایک نئے انداز سے روشنی ڈالتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سے نوجوان نسل کو بھی دبئی کی تاریخ سے متعلق اہم اقدار کو سمجھتے ہوئے موجودہ اور قدیم دور کے مابین روابط قائم کرنے کا موقع ملتا ہے۔ الشندغہ ایام دبئی کے ثقافتی پس منظر کو فروغ دینے کے لئے دبئی کلچر کی کاوشوں کا حصہ ہے جس میں الشندغہ علاقے کی تاریخ اور ملک کی معیشت کو تشکیل دینے میں اس کے کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ دبئی کو ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کا کا عالمی مرکز بنانے کے دبئی کلچر کے وژن کو پورا کرنے کے عزم کا بھی حصہ ہے۔ دس دن تک جاری رہنے والے اس جشن میں سیاحوں کے لئے مختلف ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں پیش کی جائیں گی۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302813723