ابوظبی، 4 مارچ، 2020 (وام) ۔۔ ابو ظبی پورٹس نے عالمی تجارتی جہاز ساز ڈیزائنر اور ٹگ بوٹس تیار کرنے والی عالمی شہرت کی حامل کمپنی رابرٹ ایلن لمیٹڈ کے ساتھ مل کر دنیا کے پہلے مکمل غیر انسانی آٹومیٹک تجارتی ٹگ بوٹس تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تیار ہونے کے بعد یہ ٹگ بوٹس ابو ظبی پورٹس کی سمندری خدمات کے ادارے سیفین میں شامل ہوجائیں گے۔ یہ ادارہ عالمی سطح کے سروس جہازوں کے بڑھتے ہوئے بیڑے کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ جدید ڈیزائن کے بنیادی فوائد میں سے ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے موسم کی زیادہ خراب صورتحال میں بھی بحری جہازوں کی ہینڈلنگ جاری رہے گی۔ نئی ٹیکنالوجی کارکردگی میں اضافے اور آپریشنل حفاظت کو بڑھانے میں مدد کرے گی۔ دونوں اداروں نے لندن میں بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے اجلاس کے موقع پرمفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ ابو ظبی پورٹس کے چیئرمین فلاح محمد الاحبابی نے کہا کہ ہماری قیادت کی رہنمائی کے مطابق یہ معاہدہ ہماری ڈیجیٹل تبدیلی میں ایک سنگ میل اور ابوظبی کی امارت کو یہ یقینی بنانے کے ہمارے عزم کی تصدیق ہے کہ ابوظبی کے لئے ایک اہم مرکز کے طور پر اپنی ساکھ کو مستحکم بنائے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ابوظبی پورٹس کی اولین ترجیح ہے کہ وہ خطے کی سمندری کارروائیوں کو ڈیجٹلائز کرنے کی طرف راغب کرے اور ہم اس شعبے کے لئے ایک اہم ماڈل فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ابو ظبی پورٹس گروپ کے سی ای او کیپٹن محمد جمعہ الشمسی نے کہا کہ اعلی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹگ بوٹوں کی نئی نسل تیار کرنے کے لئے رابرٹ ایلن کے ساتھ ہمارا تعاون اس بات کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ابوظبی پورٹس سمندری تجارت اور اپنے صارفین کو سمارٹ اور جدید ڈیجیٹل حل فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت پر تبصرہ کرتے ہوئے ، رابرٹ ایلن لمیٹڈ کے صدر اور سی ای او مائیک فٹزپٹرک نے کہا کہ ہم اس اقدام میں ابوظبی پورٹس کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے پرجوش ہیں جو ہمیں کمرشل سیکٹر کے لئے دور دراز سے چلنے والے ٹگ بوٹس کے دنیا کے پہلے بیڑے کو تیار کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کا انوکھا پہلو ابو ظبی اور متحدہ عرب امارات کے تمام مختلف اسٹیک ہولڈرز کی فعال شرکت ہے جس سے یہ یقینی بنانا چاہئے کہ ہم جہازوں کی تعمیر سے لے کر تجارتی کاموں تک آسانی سے ترقی کر سکتے ہیں۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302828657
ابوظبی پورٹس دینا کے پہلے آٹومیٹک کمرشل ٹگ بوٹس تیار کریگا
